عشروزکواة کمیٹیوں کی تشکیل سیاسی کھنچاتانی کا شکار ہو کر رھ گئی
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)عشروزکواة کمیٹیوں کی تشکیل سیاسی کھنچاتانی کا شکار ہو کر رھ گئی،من پسند افراد کو کمیٹیوں کا چیئرمین بنوانے کے لیے محکمہ زکواة پر دباﺅ بڑھا دیا گیا،میرٹ پر پورا نہ اُترنے والے چہیتوں کی فہرستیں تیار،ایم این اے اور ایم پی اے کے مابین سیاسی جنگ تیز ہو گئی،ضلع کی دو تحصیلوں میں کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل مکمل،بورے والا میں سیاسی مداخلت سے کمیٹیوں کی تشکیل میں تاخیر،محکمہ عشروزکواة کے اہلکاران اور سینکڑوں مستحقین میں تشویش کی لہر،تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر دیہات اور وارڈز کی سطح پر نئی عشروزکواة کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل ضلع وہاڑی کی دو تحصیلوں وہاڑی اور میلسی میں تقریباََ مکمل کر لیا گیا ہے لیکن بورے والا میں لیگی ارکان اسمبلی کے مابین سیاسی اختلافات کی بنا پر دونوں جانب سے ان زکواة کمیٹیوں میں اپنے من پسند اور چہیتے افراد کو شامل کروانے کے لیے کھینچاتانی کی وجہ سے کمیٹیوں کی تشکیل تاخیر کا شکار ہو چکی ہے اس سلسلہ میں ایکدوسرے پر سبقت لے جانے کی دوڑ میں محکمہ عشروزکواة کے اہلکاروں پر دباﺅ ڈال کر بعض علاقوں میں میرٹ پر پورا نہ اترنے والے اپنے حامی اور جانثاروں کو ان کمیٹیوں میں شامل کروانے کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں جس کی وجہ سے محکمہ کے اہلکاران شٹل کاک بن چکے ہیں جبکہ امداد کے منتظر سینکڑوں افراد اپنے حق سے محروم ہو رہے ہیں عشروزکواة کمیٹیوں جنہوں نے میرٹ پر مستحق،نادار اور بے سہارا افراد کا تعین کرنا ہوتا ہے انکی تشکیل میں بھی سیاسی مداخلت نے ہر حلقہ میں ایک نئی سیاسی جنگ چھیڑ دی ہے۔