زرعی یونیورسٹی کے طلباء فیسوں میں 25 فیصد اضافہ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)زرعی یونیورسٹی کے طلباء کا فیسوں میں 25 فیصد اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور ریلی،ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فیسوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی نعرے درج تھے،تفصیلات کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد بورے والا کیپمس طلباء نے فیسوں میں 25 فیصد اضافہ کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فیسوں میں اضافہ کے خلاف نعرے بھی درج تھے مظاہرے کی قیادت اسلامی جمیت طلباء کے ناظم عثمان قمر،امیر حمزہ انصاری،انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کے ڈپٹی کنوینیئر ہارون کیانی،عثمان شانی بھٹہ،نعیم جٹ،رانا محسن علی،عثمان قمر،حمزہ کمال،سید حماد رضا،جنید احمد جٹ اور دیگر طلباء کر رہے تھے مظاہرے سے خطاب خطاب کرتے ہوئے طلباء کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کاریاں اورناقابل برداشت مہنگائی کے بعد وی سی یونیورسٹی کی طرف سے ایک روز قبل فیسوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے ہم غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ہمارے والدین محنت و مزدوری کر کے ہماری فیسیں پہلے ہی بڑی مشکل سے ادا کر رہے تھے اب موجودہ اضافہ کے ساتھ ہمارے لئے فیس ادا کرنا ناممکن ہے جو فیسیں پہلے لی جا رہی ہیں اس کے متبادل سرکاری پرائمری سکولوں کے برابر بھی سہولیات نہیں ہیں یہ ایک کاروباری ادارہ بن چکا ہے جس کا بوجھ طلباء پر ڈال دیا گیا ہے یونیورسٹی کے اساتذہ اور دیگر سٹاف کے کمروں میں اے سی اور ہیٹر چلتے ہیں طلباء کھلے آسمان تلے بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔