گگومنڈی میں مہندی کی تقریب میں تلخ کلامی پر گولیاں چل گئیں،کمسن بچہ جاں بحق

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)تھانہ گگومنڈی کی حدود میں شادی بیاہ کی تقریبات میں فائرنگ کا سلسلہ نہ رک سکا،مہندی کی تقریب میں رشتہ داروں میں تلخ کلامی پر گولیاں چل گئیں،دولہے کا رشتہ دار 12 سالہ کمسن بچہ جاں بحق،دو ملزمان گرفتار،مقدمہ درج،تفصیلات کے مطابق بورے والا کے نواحی گاوں 247 ای بی میں محمد ارشد آرائیں کے بیٹے اور بیٹی کی شادی میں مہندی کی تقریب میں اسکا بھانجا نوید اسلم اپنے بیٹے 12 سالہ احزم نوید سکنہ بستی محمد پورہ کے ہمراہ موجود تھا کہ اسی دوران اسی محلے کا محمد غفران،محمد شعیب جموں اور محمد سنی وغیرہ بھی آ گئے جن کے ساتھ رشتہ کے لین دین کا تنازعہ تھا جنہوں نے اسی رنج پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر 12 سالہ احزم نوید سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی چل بسا ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھانہ گگومنڈی پولیس نے مقتول کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے دو ملزمان غفران اور شعیب کو گرفتار کر کے کاروائی شروع کر دی یاد رہے کہ تھانہ گگومنڈی کی حدود میں چند روز قبل بھی مہندی کی تقریب میں فائرنگ کی زد میں آ کر گاوں کے ایک حجام کا 15 سالہ بیٹا جاں بحق ہو گیا تھا اور شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ تاحال نہیں رک سکا آئی جی پنجاب کی طرف سے شادی بیاہ کی تقریبات میں فائرنگ کے واقعہ پر متعلقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کے خلاف کاروائی کی واضح ہدایات کے باوجود آئی جی پنجاب نے تاحال ان واقعات پر کوئی نوٹس نہیں لیا مقامی شہریوں نے آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔