میونسپل کمیٹی شدید مالی بحران کا شکار،پنشن کی ادائیگیاں روک دی گئیں

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)میونسپل کمیٹی بورے والا شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی،400 سے زائد پنشنرز کو پنشن کی ادائیگیاں روک دی گئیں،ضلع میں منتقل ہونے والے37 کروڑ کی خطیر رقم واپس میونسپل کمیٹی کو منتقل نہ ہو سکی،وزیر اعلی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی بورے والا گزشتہ چند ماہ سے شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی ہے اس بحرانی کیفیت کی وجہ سے میونسپل کمیٹی کے 400 سے زائد پینشنرز بھی پینشن سے محروم ہو گئے ہیں اور اکثر پینشنرز کے گھروں میں نوبت فاقوں تک جا پہنچی ہے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چند ماہ قبل میونسپل کمیٹی کو یونٹ کا درجہ دیئے جانے کے بعد 37 کروڑ روپے کے خطیر فنڈز ضلع کو منتقل کر دیئے گئے تھے جو کہ نیا بلدیاتی قانون کا مسودہ پاس نہ ہونے کی وجہ سے تاحال میونسپل کمیٹی کو واپس منتقل نہیں کئے گئے ایسی صورتحال میں میونسپل کمیٹی کے پاس ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور دیگر کاموں کیلئے بھی فنڈز نہ ہونے سے مزید بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اس صورتحال میں مقامی پینشنرز اور نمائندہ شہری تنظیموں نے وزیر اعلی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔