تھانہ صدر اور تھانہ فتح شاہ کی حدود میں ڈاکو ناکے لگا کر راہگیروں کو لوٹتے رہے
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)بورے والا پھر ڈاکوﺅں کے نرغے میں آ گیا،تھانہ صدر اور تھانہ فتح شاہ کی حدود میں ڈاکو ناکے لگا کر راہگیروں کو لوٹتے رہے،تین مسلح ڈاکو دو موٹر سائیکلیں،ہزاروں روپے نقدی اور موبائل لوٹ کر فرار،شہری عدم تحفظ کا شکار،تفصیلات کے مطابق بورے والا شہر اور اسکے مضافات میں ڈاکو بے لگام ہو چکے ہیں روزانہ کی بنیاد پر ڈاکو راہگیروں سے ناکے لگا کر لوٹ مار میں مصروف ہیں تھانہ فتح شاہ کی حدود میں نواحی گاﺅں 329 (ای بی) میں تین نامعلوم ڈاکو ناکہ لگا کر لوٹ مار میں مصروف تھے کہ 309 (ای بی) کے رہائشی الطاف نامی شخص سے گن پوائنٹ پر اسکی موٹر سائیکل،18 ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ تھانہ صدر کی حدود میں بھی نواحی گاﺅں 515 (ای بی) کے قریب پرائمری سکول 511 (ای بی) کے ہیڈ ماسٹر توصیف احمد کو نامعلوم ڈاکوﺅں نے ناکہ لگا کر روکا اور اس سے موٹرسائیکل،ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر رفو چکر ہو گئے ڈکیتی کی ان پے در پے وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں شہریوں نے آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔