ملک کا مزدور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔سردار خالد محمود ڈوگر
بورے والا(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یکم مئی کے حوالہ سے یوم مزدور دن منایا جا رہا ہے،1886ء میں شکاگو کے مزدوروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے مزدوروں کے لیے اوقات کار کا تعین کرایا جس پر ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آج پوری دنیا میں یوم مئی کو مزدوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم مئی کے حوالے سے میڈیا سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مزدور ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے موجودہ صورتحال میں کورونا وائرس جیسی عالمی وباء نے جہاں دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے وہاں پاکستان میں مزدور طبقہ اس عالمی وباء سے بہت متاثر ہوا ہے جس سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہوئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے انڈسٹری بھی بند ہوئی اور مزدوروں کو ملازمتوں سے نکالا جا رہا ہے حکومت کی طرف سے خاطرخواہ انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے مشکل کی اس گھڑی میں مزدور سخت پریشانی کا شکار ہیں۔