بورے والا ڈاکوؤں کی آماجگاہ بن گیا،شہری غیر محفوظ ہو کر رہ گئے۔ملک ذوالفقار اعوان
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر ملک ذوالفقار اعوان نے دوران ڈکیتی کسان اتحاد کے راہنماء سید غضنفر شاہ کے قتل پر شدید غم و غصہ اور رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورے والا سمیت پورا ضلع ڈاکوﺅں کی آماجگاہ بن چکا ہے عوام غیر محفوظ ہو کر رہ گئے ہیں،دوران ڈکیتی لوٹ مار کے علاوہ شہریوں کی جان لینے کے واقعات تشویشناک حد تک پہنچ گئے ہیں،حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی گذشتہ دو ماہ سے ضلع بھر میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا نہ رکنے والا سلسلہ پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،کسان اتحاد کے بانی راہنماء کا قتل بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جسکی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وارداتوں میں ملوث ان سماج دشمن عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے اگر ملزمان فوری طور پر گرفتار نہ ہوئے تو کسان اپنے راہنماء کے اس قتل کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے اور انصاف کے حصول تک احتجاج ختم نہیں کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔