سڑکوں کی مرمت کے سالانہ کروڑوں کے فنڈز خرد برد،اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)سڑکوں کی مرمت کے سالانہ کروڑوں کے فنڈز محکمہ ہائی وے نے ٹھیکیداروں کے ساتھ مبینہ طور پر ملکر خرد برد کر لیے،مرمت نہ ہونے سے سڑکوں میں گہرے کھڈے پڑ گئے جن کو بچاتے ہوئے حادثات رونما ہونے لگے،درجن سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں،تفصیلات کے مطابق مانا موڑ تا جملیرا روڈ،ڈلن روڈ تا 100 پل،قینچی موڑ،لیلہ چوک تا اڈہ کوارٹر سڑکوں کی مرمت کیلئے رکھے گئے کروڑوں روپے کے فنڈ محکمہ ہائی وے اور ٹھیکیداروں نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر لگانے کی بجائے خرد برد کر لئے سرکاری تارکول اور بجری ٹھیکیداروں کو فروخت کر دی گئی جس سے تحصیل بورے والا میں سینکڑوں کلو میٹر سڑکیں مرمت نہ ہو سکیں جن پر سفر کرنا بہت مشکل ہے قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بن رہی ہیں اور سڑکوں میں پڑے ہوئے گہرے کھڈے جن کو بچاتے ہوئے ڈرائیور حضرات گاڑیوں پر قابو نہیں رکھ سکتے اور حادثات ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے اس سال درجن سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں سابق ناظمین چوہدری عبدالرشید بگیانوالہ،میاں محمد افضل،مہر محمد افتخار،سمیع اللہ جان ایڈووکیٹ،ماہر تعلیم میاں محمد سعید وٹو و دیگر نے کمشنر ملتان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فنڈز کے خرد برد کے خلاف انکوائری اور سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے تا کہ ان سڑکوں پر سفر کو محفوظ بنایا جا سکے محکمہ ہائی وے حکام کے مطابق حکومت کی جانب سے سڑکوں کی مرمت کیلئے فنڈز ان کو ملے نہیں جس کی وجہ سے شاہروں کا یہ بر ا حال ہے۔