اسسٹنٹ کمشنر اور تھانہ صدر پولیس کی بڑی کاروائی،مردہ جانوروں کا 20 من گوشت برآمد
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب اور تھانہ صدر پولیس کی بڑی کاروائی،گاﺅں میں بنائے گئے غیر قانونی نجی سلاٹر ہاﺅس پر چھاپہ مار کر بیمار اورمردہ جانوروں کا 20 من سے زائد گوشت برآمد کر لیا،اسسٹنٹ کمشنر کے حکم پر مقدمہ درج،تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس بورے والا کو اطلاع ملی کہ نواحی گاﺅں 503 (ای بی) میں مقامی قصاب توقیر بٹ نے اپنی حویلی میں غیر قانونی طور پر نجی سلاٹر ہاﺅس بنا رکھا ہے جہاں مردہ اور لاغر جانوروں کا گوشت بنا کر شہر بھر میں سپلائی کیا جاتا ہے جس پر ایس ایچ او تھانہ صدر محمد یعقوب نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر قصاب محمد توقیر بٹ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے موقع پر موجود 20 من سے زائد مختلف قسم کا گوشت برآمد کر لیا اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب بھی پہنچ گئے اور گوشت کو سرکاری سلاٹر ہاﺅس منتقل کر کے متعلقہ ویٹرنری ڈاکٹر کو گوشت کے نمونے لینے اور کاروائی کیلئے بلایا گیا لیکن وہ نہ آیا جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک کو بھی اطلاع کر دی جس پر وہاڑی اور ساہوکا سے آنے والے ویٹرنری ڈاکٹروں نے موقع پر پہنچ کر گوشت کے ابتدائی تجزیہ کے بعد اسے مضر صحت قرار دے دیا اور گوشت کو سلاٹر ہاﺅس میں تلف کر دیا گیا تاہم بعدازاں مقدمہ کے اندراج کے وقت متعلقہ ڈاکٹر فیاض احمد بھی تھانے پہنچ گئے اور اسکی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ویٹرنری ڈاکٹر اس غیر قانونی نجی سلاٹر ہاﺅس کے مالکان سے ساز باز ہے اسی لئے کاروائی کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہا تھا مکروہ دھندہ کرنے والے اس قصاب کو چھڑوانے اور پولیس سے مک مکا کرنے کیلئے موقع پر پہنچنے والے افراد کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔