بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)چیئرمین بلدیہ چوہدری محمد عاشق آرائیں نے کہا ہے کہ صحافت ملک کا چوتھا ستون اور مقدس پیشہ ہے،صحافت کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے اس شعبہ کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنا ہو گا،صحافی معاشرے کی اصلاح اور اس کی راہ متعین کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے،خبروں میں منفی رجحانات کے فروغ سے معاشرے میں جو بگاڑ پیدا ہوا ہے اس سے ہر فرد متاثر ہو رہا ہے،مثبت رجحانات اور رویوں کو فروغ دیکر صحافی ایک مثالی معاشرہ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سدھار ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام شرکت گاہ اور”سیمورگ“ کے تعاون سے منعقدہ جینڈر سینسٹائزیشن کے موضوع پر الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ارکان کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتامی روز شرکاء کو تربیتی سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیمورگ وومن ریسورس اینڈ پبلیکیشن کی ایگزیکٹو کوآرڈینٹر نیلم حسین نے کہا کہ میڈیا رائے عامہ ہموار کرنے کا بہت موثر ذریعہ ہے صحافیوں کو چاہیے کہ وہ خواتین کے ساتھ ظلم و زیادتی جیسی خبروں میں عورت کے تقدس کا ضرور خیال رکھیں اور ایسی خبروں جن میں خواتین کے متعلق منفی تاثر قائم ہوتا ہو ان میں الفاظ کے انتخاب میں احتیاط برتنی چاہیے ہمارا معاشرہ خواتین کے متعلق شائع ہونے والی خبروں کو منفی تبصروں اور رجحانات کے ذریعہ انکے تقدس کا خیال نہیں رکھتا خواتین کو بھی ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ مردوں کے شانہ بشانہ صحافت سمیت ہر شعبہ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ہمیں اپنے معاشرے میں خواتین کے متعلق مثبت تاثر کو فروغ دینا چاہیے تقریب میں چیئرمین یوسی چوہدری آفتاب احمد بھی موجود تھے جبکہ سدھار ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی چیئرپرسن صائمہ بتول، فیروزہ بتول،رضیہ الطاف،ندیم مشتاق رامے،چوہدری اصغر علی جاوید،میاں طاہر وارثی،راشد محمود اور محمد شیر خاں کھچی نے بھی خطاب کیا تقریب کے اختتام پر ضلع وہاڑی کے معروف سینئر صحافی نوید اقبال قریشی مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔