پاسکو نے انتظامیہ کی ناک کے نیچے 14 لاکھ بوری فروخت کر دی۔ملک ذوالفقار اعوان

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر ملک ذوالفقار حسین اعوان نے کہا ہے کہ پاسکو نے انتظامیہ کی ناک کے نیچے 14 لاکھ بوری فروخت کر دی جبکہ کسان باردانہ کیلئے دربدر ہیں اور اپنی گندم اونے پونے فروخت کرنے پر مجبور ہیں،انتظامیہ اور پاسکو افسران کے دورے اصلاح لانے کی بجائے فوٹو سیشن تک محدود ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے باہر کسانوں کی احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ملک ذوالفقار اعوان نے کہا کہ ایس ای میپکو وہاڑی اور ایکسیئن بورے والا نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں ٹیوب ویل میٹر کی تبدیلی فری ہے جبکہ یہ اس کے 50 ہزار روپے رشوت کے طور پر وصول کئے جا رہے ہیں اور کسانوں کو ایوریج اور ڈیٹیکش کی مد میں بے تحاشہ اضافی یونٹ ڈالے جا رہے ہیں جب کوئی سائل بل درستگی کیلئے جاتا ہے تو اس کی تضحیک کی جاتی ہے جو کہ قابل مذمت ہے خراب میٹر تبدیل نہیں کئے جا رہے مرکزی صدر کسان اتحاد نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا سیکورٹی آفیسر رانا ثاقب جو کہ کسانوں کے دشمن کے طور پر کام کر رہا ہے اور اس نے اپنا راج قائم کر رکھا ہے غلط رپورٹس دیکر پولیس اور کسانوں کو آپس میں لڑانا چاہتا ہے اس کا رویہ انتہائی متعصبانہ ہے اور اس کی غلط رپورٹنگ کی وجہ سے پولیس آئے روز کسانوں کے گھروں میں گھس کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے اور اسی مس رپورٹنگ کی وجہ سے کسان باردانہ سے محروم رہے ہیں انہوں نے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ کسان دشمن سیکورٹی آفیسر کی انکوائری کی جائے تا کہ پولیس اور کسانوں کے درمیان پرامن خوشگوار ماحول پیدا ہو سکے اگر واپڈا اور کسانوں کے معاملات حل نہ ہوئے تو پانچ جون کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا اس موقع پر چوہدری محبوب اختر منہاس،چوہدری محمد مہران،مختار احمد پٹھان،عبدالغفور بھٹی،شمشاد جٹ،عبدالبصار،مطلوب شاہ،شفیق وٹو اور دیگر بھی موجود تھے۔