بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پاکستان تحریک انصاف کے ممبر پنجاب اسمبلی اعجاز سلطان بندیشہ نے کہا ہے کہ اپنے حلقہ کی محرومیوں کا ازالہ کر کے اسکی ترقی کا مشن پورا کروں گا،جاگیردارانہ اور استحصالی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کر کے محروم اور مظلوم طبقہ کی ہر فورم پر ترجمانی کرونگا،مختلف قسم کے لبادے اوڑھ کر جعل سازی کے ذریعے غریب اور مظلوم طبقہ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے اب عوام کے سامنے بے نقاب ہونگے،سالہا سال سے اس حلقہ میں خاندانی اور وراثتی سیاست کو عوام کی طاقت سے ختم کرنا ہے جس کیلئے عوام کو چاہیے کہ اپنے ساتھ ہونے والے کسی بھی ظلم کے خلاف آواز ضرور اٹھائیں میں انکے شانہ بشانہ کھڑا ہونگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میں اپنے قائد عمران خان کے مشن کے مطابق عوام اور ملک دشمن عناصر کا ہر محاذ پر مقابلہ کرونگا (72) سالوں میں لڈن کے علاقہ کو ترقیاتی کاموں سے محروم رکھ کر عوام کے حقوق غصب کرنے والوں کو اب علاقہ کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی عوام کو اپنا غلام سمجھنے والے اب اپنے تاریک سیاسی مستقبل کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکارہیں عوام کا شعور بیدار ہو چکا ہے اب وہ ان غاصبوں کے دھوکے میں کبھی نہیں آئیں گے میرے خلاف کرپشن کا زہریلا پراپیگنڈہ کرنے والے ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت کر دیں تو سیاست ہی نہیں بلکہ اپنا گھر بار بھی چھوڑ جاﺅں گا لیکن جھوٹے اور بے بنیاد الزامات سے خوفزدہ ہو کر کبھی میدان نہیں چھوڑوں گا۔