بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلہ پر حکومت کو ٹھوس سفارتی موقف اختیار کرنا ہو گا حکومت کو اب قرادادوں اور مذمتی بیانات سے آگے نکلنا ہو گا،تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سامنے واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کر کے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے،بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی ناقابل برداشت ہوچکی ہے کشمیر کی نیم خود مختاری کے خاتمہ کے متعلق بھارت کی آئینی ترمیم غیر قانونی،غیر اخلاقی اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،بھارتی دہشت گردی کی مذمت کی بجائے اب مرمت کی پالیسی اپنانا ہو گی ملک کا بچہ بچہ کشمیر کے نہتے مظلوم شہریوں کے حق خودارادیت اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی اے بورے والا سردار خالد محمود ڈوگر کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری محمد یوسف کسیلیہ کے بھائی سابق ناظم چوہدری یونس کسیلیہ،ایم این اے چوہدری فقیر احمد آرائیں کے بیٹے چویدری محمد اسامہ،ٹرانسپورٹ یونین بورے والا کے صدر سردار شاہد ڈوگر،مسلم لیگ( ن) کے راہنما سابق کونسلر راﺅ غفار علی،ضلعی صدر مسلم لیگ( ن) منظور برکت ماڑی والا اور دیگر نمائندہ شخصیات بھی موجود تھیں۔