بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ایکسیئن میپکو ڈویژن بورے والا ساجد حسین گوندل نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے حکومت کے اقدامات اور نئی اصلاحات سے اس چیلنج پر ممکنہ حد تک قابو پالیا گیا ہے،ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے بجلی کی موجودہ پیداوار کے مطابق اپنے وسائل میں رہ کر صارفین کو ہرممکن سہولت فراہم کی ہے،لائن لاسز کو کم کرنے کیلئے میپکو نے گزشتہ 9ماہ کے دوران ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ لائن لاسز اور بجلی چوری پر قابو پا کر صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،رواں مالی سال کے دوران گزشتہ سال کے مقابلہ میں صارفین نے لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے 25فیصد زائد بجلی استعمال کی ہے 9ماہ میں صارفین سے واجب الاوصول رقم 4ارب 66کروڑ 69لاکھ میں سے 4ارب 47کروڑ 8لاکھ روپے کی رقم وصول کر لی ہے ریکوری کی شرح گزشتہ سال کے مقابلہ میں ایک ارب 4کروڑ روپے زیادہ رہی اس دوران میپکو ڈویژن بورے والا نے بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 6کروڑ 53لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا فیڈرز اوورلوڈنگ کے خاتمہ کیلئے 6نئے فیڈرز لگائے گئے جبکہ مزید 16نئے فیڈرز کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے 9ماہ کے دوران میپکو بورے والا نے 93لاکھ روپے کی لاگت سے 27نئے ٹرانسفارمرز بھی نصب کیے ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 16ٹرانسفارمر ٹرالیاں بھی سٹینڈ بائی ہیں اس وقت بورے والا ڈویژن میں گھریلو،کمرشل،انڈسٹریل اور زرعی ٹیوب ویل کنکشنوں کی تعداد 2لاکھ 79ہزار سات ہے میپکو نے غلط میٹر ریڈنگ کے خاتمہ کیلئے ریڈنگ سنیپ سسٹم متعارف کروایا ہے جبکہ نئے کنکشنوں کے حصول کیلئے ایک خودکار کمپیوٹرائزڈ نظام شروع کر دیا گیا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سب ڈویثرنل آفیسر سید ساجد شاہ،چوہدری رشید الرحمن،منیر حسین راضی،ہارون رشید،عمران سرانی،واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل لیبر یونین کے زونل چیئرمین شاہد باری چوہان،محمد انور بھٹی،ساجد حسین،رانا مبشر حسن اور دیگر راہنما بھی موجود تھے ایکسیئن میپکو ساجد حسین گوندل نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ ممکنہ حد تک ختم ہو چکی ہے اب صرف 2گھنٹے روزانہ ان چار فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے جہاں لائن لاسز زیادہ ہیں۔