بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)غلہ منڈی میں گندم کی خرید و فروخت بند ہونے سے سینکڑوں مزدور بے روزگار،بے روزگاری سے تنگ مزدوروں کا غلہ منڈی میں احتجاجی دھرنا،انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی،ڈی سی وہاڑی سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق غلہ منڈی بورے والا میں اسسٹنٹ کمشنر اور آڑھتیوں کے مابین تنازعہ کے بعد 5 روز سے آڑھتیوں کی جانب سے گندم کی خرید و فروخت بند ہونے سے بے روزگار ہونے والے سینکڑوں مزدوروں نے غلہ منڈی میں احتجاجی دھرنا دیا دھرنے کی قیادت غلہ منڈی لیبر یونین کے صدر سردار محمد ڈوگر نے کی انہوں نے کہا کہ غلہ منڈی میں اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے گندم کی پکڑ دھکڑ کے بعد آڑھتیوں نے احتجاجاََ منڈی میں خرید و فروخت بند کر دی جس کی وجہ سے 5 روز غلہ منڈی کے مزدور ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں اور ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں اس میں انتظامیہ یا آڑھتیوں کا کوئی نقصان نہیں بلکہ مزدور فاقوں پر مجبور ہو چکے ہیں انہوں نے ڈی سی وہاڑی سے گندم کی خرید و فروخت بند کئے جانے کا نوٹس لینے اور اپنے روزگار کی فی الفور بحالی کا مطالبہ کیا ہے احتجاجی دھرنے میں اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے انہیں خرید و فروخت بند ہونے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔