بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)گھریلو جھگڑے پر حاملہ بیوی خاوند کے مبینہ تشدد سے جاں بحق،خاوند نے سر میں آہنی راڈ مار کر زخمی کیا،پانچ روز جرم چھپانے کیلئے اسے بیہوشی کے عالم میں پرائیویٹ ہسپتالوں میں اسکا علاج اور حمل ضائع کرواتا رہا،پولیس نے ملزم حراست میں لیکر کاروائی شروع کر دی،تفصیلات کے مطابق نواحی گاﺅں 465 (ای بی) کے رہائشی ذاکر حسین کی بیوی تین کمسن بچوں کی ماں صائمہ بی بی کا 5 روز قبل خاوند سے جھگڑا ہوا تو خاوند نے طیش میں آ کر گھر میں موجود آہنی راڈ اسکے سر پر دے مارا اور اسکے پیٹ میں ٹانگوں سے بھی تشدد کیا جس سے وہ بیہوش ہو گئی تو اسکے ماں باپ کو بتائے بغیر اسے بیہوشی کی حالت میں لیکر پرائیویٹ ہسپتالوں میں پھرتا رہا جبکہ معلوم ہوا ہے کہ اس دوران اس نے ایک پرائیویٹ عطائی کلینک سے اسکا حمل بھی ضائع کروا دیا گذشتہ شب وہ جان کی بازی ہار گئی جسکی اطلاع ملنے پر اسکے ورثاء سمندری سے بورے والا پہنچنے جنہوں نے فوری طور پر تھانہ فتح شاہ پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع کر دی پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال بورے والا منتقل کر دی اور ملزم کو حراست میں لیکر کاروائی شروع کر دی خاتون کے بھائی محمد عمران کا کہنا ہے اسکے بہنوئی کے کسی خاتون سے تعلقات تھے اسکی بیوی اسے منع کرتی تھی جس پر اکثر گھر میں جھگڑا رہتا تھا اپنا جرم چھپانے کیلئے ذاکر نے اسکی بہن کا ناحق خون کیا ہے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔