صدر ٹرمپ کا ہیلتھ کیئر بل منظور ہونا ناممکن کے قریب

امریکہ میں رپلکن پارٹی کے سینیٹر صدر ٹرمپ کی جانب سے تجویز کردہ ہیلتھ کیئر بل ملک کے ایوانِ بالا یعنی سینٹ سے منظور کروانے کے حوالے سے زیادہ پرامید دکھائی نہیں دیتے۔ صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں اوباما کیئر نامی صحت عامہ کے نظام کے بارے میں قانون کو منسوخ اور تبدیل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اس حوالے سے جمعے کو امریکہ میں ایوانِ نمائندگان نے ایک نیا ہیلتھ کیئر بل منظور کر لیا تھا جس کے بعد صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اوباما کیئر اب ختم ہونے کو ہے۔ تاہم رپبلکن پارٹی کے اپنے ہی اراکینِ سینیٹ کا کہنا ہے کہ مجوزہ بل کو سینیٹ میں اتنی ترامیم کرنی پڑیں گی کہ اس کا منظور ہونا مشکل ہے۔ ایک سینیٹر نے اس بل کی منظوری ’ناممکن کے قریب‘ بتائی۔ ادھر ڈیموکرٹک پارٹی کو خدشہ ہے کہ صدر ٹرمپ کے بل کی وجہ سے بہت سے شہری اپنی بیما پالیسی کھو بیٹھیں گے۔ ایوانِ نمائندگان میں بھی صدر ٹرمپ کے امریکن ہیلتھ کیئر ایکٹ کے منظور ہونے میں صرف ایک اضافی ووٹ تھا اور کئی ہفتوں سے اس حوالے سے رپبلکن پارٹی کے اندر بھی سخت بحث جاری تھی۔ اس بل کی تمام ڈیموکریٹک اراکین نے مخالفت کی اور ڈیموکریٹک پارٹی کی ایوان میں سربراہ نینسی پلوسی نے ایک بزدلانہ انتخاب قرار دیا تھا۔ بل کی منظوری کے بعد وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘آپ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔ یہ اوباما کیئر کی منسوخی اور تبادلہ ہے۔’ ایوانِ نمائندگان میں اس بل کی منظوری نئے صدر کے لیے قانون سازی کے حوالے سے یہ پہلی اہم کامیابی تھی جو کہ اقتدار سنبھالنے کے تین ماہ کے بعد آئی۔ یاد رہے کہ مارچ میں رپبلکن پارٹی میں داخلی طور پر اس بل کے حوالے سے اختلافات کی وجہ سے اسے اس وقت چھوڑ دیا گیا تھا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *