ٹیلنٹ ہنٹ کیلئے کوچز میرٹ پر بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں، جہانگیر خانزادہ

ٹیلنٹ ہنٹ کیلئے کوچز میرٹ پر بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں، جہانگیر خانزادہ
لاہور “(تیزترین نیوز ایجنسی)” صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس کا کلچر بحال کرنے کیلئے ہر ضلع میں کوچز تعینات کئے گئے ہیں، کوچز میرٹ پر بچوں کی سلیکشن کرکے انکی تربیت کریں تاکہ پاکستان کا نام دنیا میں روشن ہو، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کوچز کو جدید خطوط پر تربیت دی اب یہ ان کا فرض ہے کہ وہ ٹیلنٹ نکالیں اور اس کو نکھارکر ملک وقوم کی دل و جان سے خدمت کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت کوچز کے تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس زاہد حسین، ڈائریکٹر سپورٹس محمدا نیس شیخ اورکرنل (ر) مجاہد اللہ ترین نے بھی خطاب کیا، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پنجاب کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو محمد شہباز شریف جیسا وزیراعلیٰ ملا ہے جو تعلیم، صحت اور ترقی منصوبوں کے ساتھ ساتھ سپورٹس میں بھی خصوصی دلچسپی لیتے ہیں، ان کے ویژن کے مطابق سپورٹس کلچر کی بحالی کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت 9گیمز کے کوچز کی تربیت کا پروگرام شروع کردیا ہے جس کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جس میں 5گیمز کے 180کوچز کو تربیت دی گئی ہے، ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے کوچز تعینات کئے گئے ہیں جن کی تقرری سو فیصد میرٹ پر کی گئی ہے کوچزکومیرٹ پر ٹیلنٹ تلاش کرکے ان کی تربیت کریں اور بہترین کھلاڑی پیدا کریں، میں یقین دلاتا ہوں کہ کوچز کوہماری مکمل حمایت حاصل ہوگی، انہوں نے کہا کہ کوچز محنت سے کام کریں اور قومی و بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی تیار کریں اگر ہم بین الاقوامی مقابلوں میں پانچ یا چھ میڈلز بھی جیت جائیں تو یہ ہماری کامیابی ہوگی۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوچز کی تربیت نئی صبح کا آغاز ہے، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی بریفنگ کو وزیراعلیٰ جناب محمد شہبازشریف نے بہت پسند کیا،جس کی منظوری کے بعد اسے شروع کیا گیا ہے، تربیتی کیمپ میں کوچز کو بہترین سہولتیں دی گئی ہیں، نئے ہاسٹل بنائے ہیں جہاں ہر سہولت میسر ہے، ہم نے اپنا کام کردیا اب کو چز کا فرض ہے وہ اس کا حق ادا کریں اور ٹیلنٹ کو گلی محلوں سے نکال کر لائیں ، انکی تربیت کریں اور دنیا میں سپورٹس کے شعبہ میں پاکستان کانام روشن کریں، انہوں نے کہا کہ اب دھکا لگانے کا دورنہیں ہے آج سائنٹیفک دور ہے، کوچز کو جدید خطوط پر تربیت دی ہے، مستقبل میں کوچز کو مزید تربیت دینے کیلئے عالمی کوچز کو بھی پاکستان مدعو کریں گے اور ان سے بھی تربیت دلائیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہاکہ کو ہر ضلع میں ایک کنسلٹنٹ اور کوچز تعینات کئے گئے ہیں ان کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب باقاعدہ مانیٹرنگ سسٹم بھی وضع کررہا ہے جس میں کوچز اور کنسلٹنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ، کوچز دل و جان سے ملک و قوم کی خدمت کریں، انہوں نے کہا کہ کوچز کی تربیت کے بعد ہمارا پہلا ہدف 7اکتوبر کو کوئٹہ میں شروع ہونیوالی نیشنل گیمز ہیں، کوچز اس کی تیاری شروع کردیں، کھلاڑیوں کے ٹرائلز جلد ہوں گے جس سے نیشنل گیمز کیلئے کھلاڑی منتخب کئے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر کوچز نے صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزاہ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *