جانور پالنے والے صحت مند کیوں ہیں


اس بات میں کوئی شک نہیں کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لیے انسان بہت ساری کوششیں کرتا ہے، مگر کچھ کام ایسے بھی ہوتے ہیں، جنہیں سر انجام دینے سے انسان کی صحت خود بخود بہتر ہوتی چلی جاتی ہے۔

ایسے ہی کاموں میں جانور پالنا بھی شامل ہے، جیسے آج کل کے جدید دور میں کئی لوگ کتے اور بلیوں سمیت دیگر جانوروں کو پالتے ہیں۔

مگر سوال یہ کہ جانور پالنے اور انسان کی صحت بہتر ہونے کا کیا تعلق ہے؟

ماہرین نے اسی سوال کا جواب جاننے کے لیے تحقیق کی، جس میں پتہ چلا کہ وہ افراد جو کتے پالتے ہیں، وہ عام لوگوں کے مقابلے یومیہ 23 منٹ زیادہ پیدل چلتے ہیں، جس وجہ سے ان کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

سائنس جنرل بی ایم سی میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے والتھن سینٹر فار پیٹ نیٹوریشن کے ماہرین نے کتے پالنے اور کسی جانور کے بغیر زندگی گزارنے والی افراد کی صحت کا موازنہ کیا۔

—فوٹو: شٹر اسٹاک
—فوٹو: شٹر اسٹاک

ماہرین نے رضاکاروں کو 2 گروپوں میں تقسیم کردیا، جس میں ایک گروپ میں 43 ایسے رضا کار تھے، جنہوں نے کتے پال رکھے تھے۔

دوسرے گروپ میں شامل 43 رضاکار عام زندگی گزار رہے تھے۔

تحقیق کے دوران دونوں گروپ کے افراد کے روزہ مرہ کی معمولات اور موومنٹ کا جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں: مصنوعی تولیدی نظام سے زندہ جانوروں کی پیدائش

جائزے کے نتائج سے پتہ چلا کہ جن افراد نے کتوں یا دیگر جانوروں کو پال رکھا ہے، وہ اپنے جانوروں کو ٹہلانے کی غرض سے عام افراد کے مقابلے یومیہ کم سے کم 23 منٹ زیادہ چہل قدمی کرتے ہیں۔

تحقیق کاروں کے مطابق جو افراد کتوں یا دیگر جانوروں کو ٹہلانے کا کام کرتے ہیں، وہ عام طور پر روزانہ دوسرے انسانوں کے مقابلے 2 ہزار 764 قدم زیادہ چلتے ہیں۔

جانوروں کو نہ پالنے والے افراد عام طور پر یومیہ صرف 96 منٹ تک چہل قدمی کرتے ہیں، جب کہ کتے پالنے والے افراد کم سے کم 119 منٹ تک پیدل گھومتے ہیں۔

تحقیق کاروں کے مطابق کتوں یا جانوروں کو پالنے والے افراد نہ صرف زیادہ چہل قدمی کرتے ہیں، بلکہ وہ اپنے جانوروں کے لیے دیگر جسمانی کام بھی کرتے ہیں، جب کہ عام افراد ایسا نہیں کرتے۔

اور اس میں کوئی شک نہیں کہ زیادہ گھومنا اور چہل قدمی کرنا صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق بالغ افراد کو ہفتے میں کم سے کم 150 منٹ تک پیدل گھومنے اور چہل قدمی سمیت جسمانی ورزش میں حصہ لینا چاہئیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *