وزیر اعلی پنجاب کے متوقع دورہ بورے والا کے پیش نظر سرکاری مشینری متحرک

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)وزیر اعلٰی پنجاب کے متوقع دورہ بورے والا کے پیش نظر سرکاری مشینری متحرک،تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن،سڑکوں اور گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور ہنگامی بنیادوں پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب جاری،میونسپل کارپوریشن کے عملہ کی چھٹیاں منسوخ،رات گئے تک عملہ اور مشینری مصروف عمل،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی آج 9 اکتوبر کو بورے والا کے متوقع دورہ کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن اور محکمہ مال کا عملہ سرکاری مشینری کے ساتھ متحرک ہو گیا اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف چھینہ اور چیف آفیسر بلدیہ کی زیر نگرانی چیف انکروچمنٹ انسپکٹر خرم شہزاد،سینٹری انسپکٹر محمد افضل،خالد جاوید اور محمد اکبر کی قیادت میں عملہ انکروچمنٹ اور سینٹری ورکرز کا شہر میں تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے بلاتفریق آپریشن جاری ہے جبکہ عملہ صفائی سڑکوں،گرین بیلٹس کی صفائی اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے رات گئے تک اپنی سرکاری مشینری کے ہمراہ مصروف عمل ہے اس دوران شہر کے مختلف بازاروں اور قومی شاہراہوں کے گرد کئی سالوں سے قائم تجاوزات کو ختم کر دیا گیا متعدد تجاوزات کا سامان بھی قبضہ میں لے لیا گیا وزیر اعلٰی کے متوقع دورہ کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن اور محکمہ مال کے عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں دفاتر کو رنگ روغن اور انکی تزئین و آرائش کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔