کورونا امدادی پیکیج کے جعلی فارم فروخت کرنے والا عطائی ڈاکٹر دلدار مختار مسیح گرفتار
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)سادہ لوح افراد کو کورونا امدادی پیکیج کے جعلی فارم فروخت کرنے والے ایک گروہ کو تھانہ صدر پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا،نوسر باز 100 سے 200 روپے کے عوض فارم فروخت کر رہا تھا،تفصیلات کے مطابق بورے والا شہر اور اسکے دیہات میں گزشتہ کئی روز سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ نوسر بازوں کے مختلف منظم گروہ سادہ لوح،ضرور تمند غریب افراد کو ”کورونا امدادی“ پیکیج کے جعلی فارم 100 سے 200 روپے میں فروخت کر رہے ہیں اور انہیں امدادی راشن و رقوم دلوانے کا جھانسہ بھی دے رہے ہیں اس سلسلہ میں تھانہ صدر پولیس کو آج اطلاع ملی کہ نواحی گاﺅں 461 (ای بی) میں دلدار مختار مسیح نامی شخص جو کہ عطائی ڈاکٹر بھی ہے اپنے جعلی کلینک پر جعلی فارم فروخت کرنے کا دھندہ کر رہا ہے وہاں پر ضروتمند سادہ لوح افراد کا ایک ہجوم لگا ہوا تھا پولیس نے چھاپہ مار کر موقع سے دلدار مسیح کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ اسکا ایک ساتھی موقع سے فرار ہو گیا پولیس نے ملزم کے خلاف صرف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا مقدمہ بھی درج کر لیا۔