کسانوں نے ملک ذوالفقار اعوان کی قیادت میں یکم جون کو واپڈا کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)کسان اتحاد نے ٹیوب ویلوں کے کنکشن منقطع کئے جانے کے خلاف یکم جون کو واپڈا کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا،میپکو بورے والا کی کسان دشمنی اب برداشت سے باہر ہو چکی ہے،یکم جون کو کسان سڑکوں پر نکلیں گے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے،ان خیالات کا اظہار پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی کوآرڈینٹر و ضلعی صدر ملک ذوالفقار اعوان نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ واپڈا نے بلوں کی ادائیگی کے باوجود کسانوں کے ٹیوب ویل اور گھروں کے کنکشن منقطع کر کے کسان دشمنی کا ثبوت دیا ہے جبکہ 28 مئی بلوں کی ادائیگی کی آخری تاریخ ہے اس سے قبل بھی واپڈا نے گندم کی بجائی کے وقت کنکشن منقطع کر کے ملکی زراعت کو تباہی سے دو چار کیا تھا جس کی وجہ سے بیشتر کسان گندم کاشت نہ کر سکے اور آج حکومت کیلئے گندم خریداری کا ٹارگٹ پورا کرنا ناممکن نظر آ رہا ہے اب مکئی کی فصل تیاری کے آخری مراحل میں ہے جبکہ اکثر علاقوں میں کپاس کی کاشت ہو رہی ہے تو دوبارہ بجلی کے کنکشن منقطع کر دیئے گئے ہیں جس سے کپاس اور مکئی کی پیدا وار بڑی طرح متاثر ہو گی کسانوں کا بے پناہ نقصان ہوا ہے جس کی ذمہ داری حکومت اور واپڈا پر ہے واپڈا ملک اور قوم کا معاشی قاتل بن چکا ہے اگر فوری طور پر کنکشن بحال نہ ہوئے تو یکم جون کو پاکستان کسان اتحاد کی طرف سے واپڈا کے خلاف احتجاج کیا جائے گا اور تمام حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی ملک کے کسان چوہدری محمد انور کی قیادت میں اپنے حقوق کی جنگ جاری رکھیں گے اجلاس میں تحصیل صدر ندیم سجاد،چوہدری مہران،چوہدری عمران وڑائچ،مہر محمد یار،ریاض جملیرا،الیاس گل،اشفاق لنگڑیال،رشید چیئر مین،چوہدری اصغر،شمشاد علی(آف مرضی پورہ) اور دیگر موجود تھے۔