ڈی سی وہاڑی کا ہائر سیکنڈری سکول شیخ فاضل کا دورہ،فرائض سے غفلت برتنے پر چار اساتذہ معطل
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول شیخ فاضل کے اچانک معائنہ کے دوران طلباء کو فرش پر بٹھانے،کلاسوں میں روشنی کے لیے بلبوں کی عدم دستیابی اور صفائی کی ناقص صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سی او ایجوکیشن شوکت علی طاہر کو فوری ایکشن کا حکم دیا،تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی ہائر سیکنڈری سکول شیخ فاضل اچانک پہنچے تو طلباء زمین پر بیٹھے ٹیسٹ دے رہے تھے ڈپٹی کمشنر کے استفسار پر ٹیچر نے بتایا کہ طلباء کلاس میں نقل کرتے ہیں اس لیے کھلی جگہ پر بٹھایا گیا ہے ڈپٹی کمشنر نے کلاسوں میں روشنی نہ ہونے پر جائزہ لیا تو کسی کلاس میں بلب نہیں تھا صفائی کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ اور کوئی نظم و ضبط نہیں پایا گیا ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی نے محکمہ تعلیم کے افسران کی جواب طلبی کرتے ہوئے کہا کہ افسران اپنے دوروں میں کس چیز کا مشاہدہ کرتے ہیں سکولوں کی حالت زار بہتر کرنا کس کی ذمہ داری ہے انہوں نے متعلقہ ہیڈ ٹیچر اور اساتذہ کو معطل کرنے کا حکم دیا دریں اثناء ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی نے مرکز صحت شیخ فاضل کا بھی معائنہ کیا اور عملہ کی حاضری اور علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔