چھت سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں سے چھو کر10سالہ بچی بری طرح جھلس گئی
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)چھت سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں سے چھو کر10سالہ بچی بری طرح جھلس گئی،بچی کے جسم کا 90فیصد حصہ جل گیا،نازک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل،تفصیلات کے مطابق محمد حسین ٹاﺅن سے ملحقہ آبادی شبیر ٹاﺅن کے رہائشی غلہ منڈی کے محنت کش لیاقت علی کی10سالہ معصوم بچی صباءچھت پر کھیل رہی تھی کہ چھت کے اوپر سے گزرنے والی32ہزار کے وی کی ہائی وولٹیج تاریں جو کہ ڈھیلی ہو کر لٹک رہی تھیں اچانک تاروں نے بچے کو اپنی طرف کھینچ لیا اور تاروں سے نکلنے والے آگ کے شعلوں نے اُسے بری طرح جھلسا کر زمین پر دے مارا جس سے وہ بری طرح جھلس گئی جسے فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال بورے والا منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد نازک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا بچی کے جسم کا 90فیصد حصہ بری طرح جھلس گیا اہل علاقہ کے مطابق آبادی سے گزرنے والی ان ہائی وولٹیج تاروں کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہوتے ہیں لیکن واپڈا کے خلاف ابھی تک کوئی کاروائی نہیں ہو سکی۔