چوہدری ارشاد آرائیں نے ڈی ایس پی میلسی کے توہین آمیز رویہ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق پیش کر دی
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مسلم لیگ(ن)کے ایم پی اے چوہدری ارشاد احمد آرائیں نے ڈی ایس پی میلسی کے توہین آمیز رویہ اور ڈکیتی کے ملزمان سے مبینہ جانبداری کرنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق پیش کر دی،کاروائی کے لیے پنجاب اسمبلی کی استحقاق کمیٹی نے تحریک آئی جی پنجاب کو ارسال کر دی،تفصیلات کے مطابق بورے والا سے مسلم لیگ(ن)کے ایم پی اے چوہدری ارشاد احمد آرائیں نے آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈی ایس پی میلسی اکمل رسول کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ گذشتہ دنوں تھانہ گگومنڈی کے ڈکیتی کے ایک مقدمہ نمبر338/17کی تفتیش کے حوالہ سے چیئرمین اوورسیز کمیٹی ضلع وہاڑی سردار شہزاد احمد ڈوگر اور یونین کونسل کے چیئرمین زاہد رسول کے ہمراہ اُنکے دفتر گئے اور ڈی ایس پی سے کہا کہ آپ اس مقدمہ کی میرٹ پر تفتیش کریں اور ملزمان کے ساتھ فریق نہ بنیں حقائق کو سامنے رکھ کر تفتیش کی جائے جس پر ڈی ایس پی اکمل رسول جو کہ ملزمان کے ساتھ پہلے ہی جانبدارانہ سلوک کر رہا تھا نے انتہائی توہین آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ میں جو بہتر سمجھوں گا وہی کروں گا آپ کون ہوتے ہیں مجھے ڈکٹیشن دینے والے میں کسی ایم پی اے یا ایوان اسمبلی کو نہیں مانتا چوہدری ارشاد احمد آرائیں نے اپنی تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا کہ ڈی ایس پی مذکورہ ملزمان کو تحفظ دینے کے لیے نہ صرف ارکان اسمبلی بلکہ پورے ایوان کی توہین کا مرتکب ہوا ہے اسکے خلاف کاروائی کی جائے ایوان نے اُنکی تحریک استحقاق کمیٹی کے سپرد کرکے آئی جی پنجاب کو ڈی ایس پی کے رویہ کے خلاف کاروائی کی ہدایت کر دی ہے۔