پیپلز پارٹی سٹی بورے والا کی تنظیم سازی کا جھگڑا طول پکڑ گیا،پیپلز پارٹی دو واضح دھڑوں میں تقسیم
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پیپلز پارٹی سٹی بورے والا کی تنظیم سازی کا جھگڑا طول پکڑ گیا،پیپلز پارٹی دو واضح دھڑوں میں تقسیم،تحصیل صدر کا صوبائی صدر کی جانب سے تنظیم توڑنے کا دعویٰ،صوبائی صدر کے پی اے عبدالقادر شاہین نے دعویٰ مسترد کر دیا،تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی سٹی بورے والا کی نئی تنظیم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تحصیل صدر احسن سردار بھٹی اور دیگر راہنماﺅں نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا جسکی شکایت صوبائی صدر مخدوم سید احمد محمود کو کر دی گئی تھی جبکہ دوسری جانب سٹی صدر طاہر سلیم چوہدری اور انکی اہلیہ صوبائی فنانس سیکرٹری شگفتہ چوہدری نے نئی تنظیم سازی کو میرٹ پر فیصلہ قرار دیا تھا اس حوالہ سے گذشتہ روز جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود سے لاہور میں دونوں دھڑوں نے الگ الگ ملاقات کی اور اپنے موقف سے آگاہ کیا جسکے بعد تحصیل صدر احسن سردار بھٹی نے میڈیا کو بتایا کہ صوبائی صدر نے سٹی بورے والا،سٹی وہاڑی اور تحصیل وہاڑی کی تنظیمیں توڑ کر چھ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو نئی تنظیم سازی کے حوالہ سے اپنی سفارشات مخدوم احمد محمود کو دے گی جبکہ اس ملاقات کے بعد مخدوم احمد محمود کے پی اے عبدالقادر شاہین اور صوبائی فنانس سیکرٹری شگفتہ چوہدری نے تحصیل صدر بورے والا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ جو تنظیم بنائی گئی ہیں انہیں نہیں توڑا گیا البتہ ان تنظیموں کے خلاف شکایات کی رپورٹ مرتب کرنے کے لئے چھ سینئر ارکان شوکت محمود بسرا،ملک نوشیر خاں لنگڑیال،خواجہ رضوان عالم،محمود حیات ٹوچی خاں اور عبدالقادر شاہین پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جنکی سفارشات اور رپورٹ کی روشنی میں صوبائی صدر تنظیم کو توڑنے یا بحال رکھنے کا فیصلہ کریں گے دونوں دھڑوں میں جاری عہدوں کی رسہ کشی کی یہ جنگ اب طول پکڑ گئی ہے۔