پولیس کا خاتون وکیل کے گھر پر دھاوا،گھر کے دروازے اور دیگر سامان کی توڑ پھوڑ،وکیل پر تشدد
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا،تھانہ سٹی پولیس کے ایس ایچ او کی قیادت میں 15 سے زائد پولیس اہلکاروں کا خاتون وکیل کے گھر پر دھاوا،تین سالہ بھتیجی کی برآمدگی کی آڑ میں چادر چار دیواری کا تقدس پامال،گھر کے دروازے اور دیگر سامان کی توڑ پھوڑ،مزاحمت پر خاتون وکیل کو بالوں سے پکڑ کر تشدد،پنجاب بار کونسل کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت،پولیس عدالتی حکم پر تین سالہ بچی کو برآمد کرنے گئی تھی،ایس ایچ کا موقف،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ بار کی رکن زبیرا بشیر ایڈووکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ چارروز قبل وہ اپنے والد،بھائی،بہن اور اسکے بچوں کے ہمراہ گھر پر موجود تھیں کے اچانک ایس ایچ او تھانہ سٹی رانا محمد اکرم کی قیادت میں 15 سے زائد پولیس کے جوانوں نے ہمارے بیرونی دروازے کو توڑ کر گھر پر دھاوا بول دیا اور صحن میں داخل ہو کر گھر کے اندر اندرونی دروازے بھی بری طرح توڑ ڈالے کمروں میں گھس کر تلاشی شروع کر دی وجہ پوچھنے پر پولیس اہلکاروں نے کہا کہ آپ کی تین سالہ بھتیجی جس کی والدہ کو آپ کے بھائی نے طلاق دے دی ہے اس کی بیٹی کو زبردستی آپ نے گھر میں چھپایا ہوا ہے اسے برآمد کرنے آئے ہیں زبیرا بشیر نے بتایا کہ میں خود وکیل ہوں اور بچی ہمارے گھر پر نہیں بلکہ اس کی والدہ کے پاس ہی ہے جس پر پولیس اہلکاروں نے آپے سے باہر ہو کر بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا گھر میں موجود بھائی اور بوڑھے والد کو مداخلت پر غلیظ گالیاں دیں اس دوران گھر سے بچی برآمد نہ ہونے پر پولیس کے جوان دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے تھانہ سٹی پولیس کی اس مبینہ پولیس گردی پر پنجاب بار کونسل نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے زبیرا بشیر کے مطابق اس کے بھائی سرجن ڈاکٹر محمد شاہد بشیر نے اپنی بیوی کو دو ماہ قبل طلاق دے دی تھی اور اس کی تین سالہ بیٹی بھی اس کی والدہ کے پاس ہے پولیس نے بچی کی برآمدگی کا ڈرامہ کر کے ہمارے ساتھ پولیس گردی کی ہے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ایس ایچ او تھانہ سٹی رانا محمد اکرم کے مطابق ہم عدالتی حکم پر مذکورہ وکیل کے گھر میں موجود انکی تین سالہ بھتیجی کو برآمد کرنے گئے تھے تشدد اور توڑ پھوڑ کرنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں انکوائری ایس پی انویسٹی گیشن وہاڑی کے پاس ہو رہی ہے۔