پولیس احتساب سیل کی رپورٹ پر ایکشن،ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار منشیات کے مقدمہ میں گرفتار
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پولیس احتساب سیل کی رپورٹ پر ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار منشیات کے مقدمہ میں گرفتار،احتساب سیل کی رپورٹ میں متعدد ایس ایچ اوز اور اے ایس آئی سمیت 22 ملازمین پر منشیات فروشوں کی سرپرستی،مال مقدمہ میں خورد برد اور رشوت جیسے الزامات ہیں،تھانہ میں بند پولیس اہلکاروں کی کوریج سے میڈیا کو روک دیا گیا،تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے انٹرنل احتساب سیل کی اعلیٰ سطحی انکوائری رپورٹ میں ضلع وہاڑی کے 22 ملازمین جن میں8 موجودہ اور سابق ایس ایچ اوز،ایک اے ایس آئی اور 13 کانسٹیبل شامل ہیں انکے خلاف منشیات فروشوں سے بھاری رشوت لیکر منشیات مال مقدمہ کو خورد برد کرنے جیسے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں رپورٹ میں ڈی پی او وہاڑی کو ان تمام ملازمین کے خلاف کاروائی کی ہدایت کی گئی ہے رپورٹ کی روشنی میں ابتدائی طور پر سابق ایس ایچ او سب انسپکٹر نزاکت علی،کانسٹیبلز علی شیر اور ظہور احمد کو منشیات فروشی کے مقدمہ نمبر 14/20 میں گرفتار کرنے کے بعد تھانہ دانیوال میں بند کر دیا گیا ہے گرفتار ملازمین کے خلاف منشیات فروشوں سے 13 لاکھ روپے رشوت لینے کا بھی الزام ہے دیگر ملازمین کے خلاف تاحال کوئی کاروائی سامنے نہیں تھانہ دانیوال میں بند سابق ایس ایچ او اور دیگر ملازمین کی کوریج کیلئے میڈیا کو روک کر تھانہ کو سیل کر دیا گیا ہے پولیس ترجمان نے ان گرفتاریوں کی تصدیق کر دی ہے دریں اثناء گرفتار ہونے والے سابق ایس ایچ او رائے نزاکت علی اور اسکے ساتھی ملازمین کو آج وہاڑی کی عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے انہیں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔