پنجاب میں 33 ارب روپے کی لاگت سے فراہمی و نکاسی آب کے 2038 منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ محمد خرم آغا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)سیکرٹری ہاﺅسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد خرم آغا نے کہا ہے کہ پنجاب میں 33 ارب روپے کی لاگت سے فراہمی و نکاسی آب کے 2038 منصوبوں پر کام جاری ہے،محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کسی دباﺅ پر منصوبہ کا ڈیزائن تبدیل نہ کیا جائے ایسا ہوا تو افسر جیل جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی کے ہمراہ بورے والا کی کمپری ہینسو سیوریج سکیم کا معائنہ کر تے ہوئے کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بورے والا راﺅ تسلیم اختر،چیئرمین میونسپل کمیٹی بورے والا چوہدری عاشق آرائیں،وائس چیئرمین بلدیہ حاجی محمد افتخار بھٹی،ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اکرام ہاشمی،ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ غلام نبی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد مظفر خان بھی موجود تھے سیکرٹری ہاوسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد خرم آغا نے کہا کہ منصوبوں کے معائنہ کا مقصد پیشرفت کو بہتر بنانا معیار کا جائزہ لینا اور ان منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے انہوں نے کہا کہ بورے والا سیوریج سکیم پر تقریباً 18 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں بقیہ فنڈز کی جلد فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں محمد خرم آغا نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داروں کو آن بورڈ رکھیں کیونکہ منصوبوں کی تکمیل پر میونسپل کمیٹی نے ہی ان منصوبوں کو آپریٹ کرنا ہے۔