نواز شریف کو جیل میں ڈالنے کی دھمکی دینے والے خود جیلوں میں جائینگے۔مریم نواز
بورے والا(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ(ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف سے انکی رہائش گاہ ماڈل ٹاﺅن میں ضلع وہاڑی کے لیگی ارکان اسمبلی اور راہنماﺅں پر مشتمل وفد کی ملاقات،ملاقات کرنے والے وفد میں مسلم لیگ(ن) کے ممبر قومی اسمبلی چوہدری فقیر احمد آرائیں،سابق ایم این اے چوہدری نذیر احمد آرائیں،ممبران پنجاب اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر،میاں ثاقب خورشید،چوہدری محمد یوسف کسیلیہ،نوجوان لیگی راہنماء سردار شاہد جاوید ڈوگر اور چوہدری اسامہ احمد آرائیں بھی شامل تھے ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں مریم نواز نے ملکی و علاقائی سیاسی صورتحال کے علاوہ ملک میں مہنگائی کی بدترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن حکومت کے خلاف فیصلہ کن معرکہ شروع ہو چکا ہے بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کو جنوری سے پہلے ہی چلتا کریں گے ملک کے 22 کروڑ عوام بدترین مہنگائی کے سامنے بے بس ہو چکے ہیں اور انکے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اب سڑکوں پر آنے والا عوام کا سمندر ظالم حکمرانوں کو اپنے ساتھ بہا لے جائے گا نواز شریف کو 15 جنوری سے پہلے جیل میں ڈالنے کی دھمکی دینے والے اسوقت شاید خود جیلوں کی ہوا کھا رہے ہونگے مسلم لیگ(ن) نے ”ووٹ کو عزت“ دلوانے کا جو قوم سے وعدہ کیا ہے وہ پورا کر کے دکھائے گی قومی اداروں کو اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائیوں کیلئے استعمال کرنے کا جو خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے اسکا انجام بہت بھیانک ہے اور یہ ملک کو کمزور کرنے کی ایک منظم سازش ہے جسے ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے مہنگائی اور بھوک سے تنگ عوام اپوزیشن کے بیانیہ کے ساتھ کھڑی ہے مریم نواز شریف نے مسلم لیگی وفد کی طرف سے آئندہ ماہ بورے والا آمد کی دعوت بھی قبول کر لی انہوں نے کہا کہ کارکن حکومت کے انتقامی ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہ ہوں اور وہ اپنے قائد میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی طرح جوانمردی سے انکا مقابلہ کریں انشاء اللہ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کر کے رہیں گے اس ملاقات میں مسلم لیگ(ن) کی صوبائی سیکرٹری انفارمیشن عظمی بخاری،سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڈ اور ایم پی اے حنا پرویز بٹ بھی موجود تھیں۔