میپکو ڈویژن بورے والا میں لائن سٹاف کی شدید کمی،صرف 50 لائن مین فیلڈ میں موجود
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)میپکو بورے والا ڈویژن لائن سٹاف کی شدید کمی کی وجہ سے بحرانی کیفیت سے دو چار ہونے کا خدشہ،پانچ سب ڈویژنوں میں صرف 50 لائن مین فیلڈ میں موجود،متعدد لائن مین بلوں کی تقسیم،ریکوری اور دفتری امور پر تعینات،سٹاف کی کمی پوری نہ کی گئی تو واپڈا کی سروسسز مفلوج ہونے کا اندیشہ،تفصیلات کے مطابق میپکو ڈویژن بورے والا جہاں پانچ سب ڈویژنوں میں لاکھوں صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور انکی ایمرجنسی شکایات کے ازالہ کیلئے محکمہ لائن سٹاف کی شدید کمی سے دوچار ہو کر رہ گیا ہے نئی بھرتیوں پر پابندی،پرانے لائن سٹاف کی ریٹائرمنٹ اور حادثاتی اموات کی وجہ سے فیلڈ میں کام کرنے والے لائن مینوں کی تعداد 50 کے قریب رہ گئی ہے جبکہ ہر سب ڈویژن میں 25 سے 30 لائن مینوں کی ضرورت ہے محکمہ میں موجود بیشتر لائن مین دیگر سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے بلوں کی تقسیم،ریکوری اور دفتری امور انجام دینے پر مجبور ہیں جسکی وجہ سے موجودہ حالات میں عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے محکمہ کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جبکہ 24 گھنٹے ڈیوٹی کرنے والے بیشتر پرانے لائن مینوں نے بھی ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے جس سے آئندہ آنے والے دنوں میں میپکو کی سروسسز بری طرح مفلوج ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے اس صورتحال میں سول سوسائٹی نیٹ ورک،انجمن تاجران،بار ایسوسی ایشن،سیاسی و سماجی تنظیموں نے وفاقی حکومت،چیئرمین واپڈا اور چیف ایگزیکٹو میپکو سے سٹاف کی کمی اور لائن سٹاف کو جدید آلات کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔