میٹرک کی ذہین طالبہ کی حیرت ناک موت،موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے درخت سے گرنے والے زہریلے سانپ نے ڈس کر زندگی چھین لی
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)موت کی جگہ اور وقت مقرر،میٹرک کی ذہین طالبہ کی حیرت ناک موت،موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے درخت سے گرنے والے زہریلے سانپ نے ڈس کر زندگی چھین لی،دو روز قبل میٹرک کے رزلٹ میں944نمبر حاصل کئے،گاﺅں میں ہر آنکھ اشکبار،تفصیلات کے مطابق نواحی گاﺅں 259 ای بی کا رہائشی سرکاری سکول کا درجہ چہارم ملازم محمد ساجد اپنی بیٹی نمرہ ساجد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر شہر سے واپس اپنے گاﺅں جا رہا تھا کہ گاﺅں کے قریب ہی درخت سے اچانک ایک زہریلا سانپ نمرہ کے سر پر آ گرا جس سے گرتے ہی اسے ڈس لیا باپ نے بیٹی کی چیخیں سنتے ہی اپنی موٹر سائیکل روکی اور سانپ کو پکڑ کر نیچے گرایا اور بیٹی کو دیکھا تو سانپ اسکے سر میں ڈس چکا تھا جس سے اسکی حالت خراب ہو گئی اور وہ اسے لیکر مقامی ہسپتال پہنچا جہاں اسکی ہونہار بیٹی دو گھنٹے موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئی جان کی بازی ہارنے والی دو روز قبل ہی میٹرک کے امتحان میں کامیاب ہوئی تھی اور اس نے 944 نمبروں کے ساتھ سکول میں پہلی پوزیش حاصل کی تھی حیرت ناک سانحہ کو دیکھ کر گھر میں کہرام برپا ہو گیا اور پورے گاﺅں میں سوگ کی فضاء طاری ہو گئی نمرہ ساجد گھر میں دو بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی اور ماں باپ کو اس سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیں نمرہ کی نماز جنازہ میں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو آئے اسے گاﺅں کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔