ملازمت کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والا داود ارشد چوہدری گرفتار

بورے والا(نمائندہ خصوصی)اعلی افسران اور اہم ملکی سیاسی شخصیات کے ساتھ تصاویر بنوا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر کے سادہ لوح شہریوں کو نوکریاں دلوانے اور دیگر امور کیلئے لاکھوں روپے بٹورنے والا نوسر باز داود ارشد چوہدری گرفتار،تھانہ گگومنڈی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا،ملزم کے خلاف مختلف تھانوں اور اعلی افسران کو قانونی کاروائی کیلئے درخواستیں موصول،ڈی سی وہاڑی نے اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کو تحقیقات کا حکم دے دیا،خفیہ اداروں نے ملزم کے اثاثہ جات اور بنک بیلنس کی تحقیقات شروع کر دیں،تفصیلات کے مطابق تھانہ گگومنڈی پولیس کو نواحی آبادی 435 (ای بی) کے محنت کش نیاز حسین نے تحریری درخواست میں انکشاف کیا کہ 245 (ای بی) کے رہائشی داود ارشد چوہدری نامی شخص نے خود کو اعلی افسران سے تعلقات ظاہر کر کے اس سے بطور کلرک بھرتی کروانے کیلئے 2 لاکھ 30 ہزار روپے دیئے تھے اور نوکری کے آرڈر لینے کیلئے باقی رقم 2 لاکھ 70 ہزار لیکر جب اڈا مانا موڑ پہنچے تو اس نے اپنے ایک ساتھی کی مدد گن پوائنٹ پر مجھ سے رقم زبردستی چھین لی اس درخواست کی روشنی میں تھانہ گگومنڈی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا دریں اثناء مختلف متاثرہ افراد ارسلان طارق اور ندیم اختر نے میڈیا کے نمائندوں کے سامنے انکشاف کیا کہ مذکورہ شخص ملک کی اہم ترین سیاسی شخصیات اور اعلی افسران کے ساتھ تصاویر فوٹو شاپ کر کے سادہ لوح افراد کو دکھا کر ان سے اپنے قریبی تعلقات ظاہر کرتا ہے اور ملازمت دلوانے کے علاوہ زمینوں کے معاملات،نمبرادریاں دلوانے سمیت دیگر امور کیلئے لاکھوں روپے ہتھیا چکا ہے پیسے واپس مانگنے والے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیکر خاموش کروا دیا جاتا ہے انہوں نے انکشاف کیا کہ مذکورہ شخص ایک سال قبل بطور منشی ملازمت کرتا تھا اور اب کروڑوں روپے کے بینک بیلنس کے علاوہ گاڑی و دیگر اثاثہ جات کا مالک بن چکا ہے انہوں نے وزیر اعلی پنجاب،آئی جی پنجاب اور آر پی او ملتان سے اسکے خلاف اعلی سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ معلوم ہوا ہے کہ ملزم داود ارشد کے کئی بااثر ساتھیوں نے اسکی رہائی کیلئے دباو بڑھانا شروع کر دیا ہے۔
