مفت آٹا سنٹر پر اراضی ریکارڈ اور محکمہ مال کا سارا عملہ تعینات،دفاتر بند،شہری پریشان

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مفت آٹا تقسیم سنٹر پر عملہ بڑھانے کیلئے اراضی ریکارڈ سنٹر اور محکمہ مال کا سارا عملہ تعینات،اراضی ریکارڈ سنٹر اور پٹواریوں کے دفاتر بند،دور دراز سے آنے والے سائلین شدید پریشان،فردوں کا حصول اور زمینوں کا انتقال رک گیا،وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق مفت آٹا تقسیم کر مراکز پر ہونے والی بدنظمی پر قابو پانے کیلئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے سنٹرز پر اراضی ریکارڈ سنٹرز اور محکمہ مال کے پٹواریوں سمیت سارا عملہ تعینات کر دیا ہے جس کی وجہ سے دفاتر کو تالے لگا کر عملہ مختلف آٹا تقسیم پوائنٹ پر ڈیوٹی دے رہا ہے جبکہ دفاتر بند ہونے سے دور دراز دیہات سے فردوں کے حصول اور اپنی زمینوں کے انتقال کیلئے آنے والے سینکڑوں سائلین اراضی ریکارڈ سنٹرز اور پٹواریوں کے دفاتر کے باہر خوار ہو رہے ہیں مقامی شہریوں محمد شریف،محمد رمضان،محمد خان،عبدالجبار،محمد لطیف،عمران،مقبول حسین،ارشاد بی بی،محمد الیاس،علی رضا اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز اور دیگر دفاتر کو تالے لگانے کی بجائے اسکا عملہ واپس بھیجا جائے اور دفتر کھولا جائے تا کہ ہم اپنی فردیں لے سکیں اور زمینوں کا انتقال کروا سکیں۔