محکمہ سوئی گیس نے 16 گھنٹے گیس کی بندش کا شیڈول جاری کر دیا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)محکمہ سوئی گیس نے لائن لاسسز اور گیس چوری کا بہانہ بنا کر 16 گھنٹے گیس کی بندش کا شیڈول جاری کر دیا،گھروں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر،شہری سراپا احتجاج،جی ایم سوئی گیس سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی گیس کی جانب سے بورے والا شہر اور اسکی نواحی بستیوں میں 16 گھنٹے گیس کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا گیس کی طویل بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ گئے محکمہ سوئی گیس کی جانب سے صبح 5 سے 9 بجے دوپہر کو ایک سے تین بجے اور شام کو 8 سے 10 بجے کے علاوہ دیگر ایام میں گیس کی فراہمی مکمل بند کر دی گئی ہے اس حوالے سے محکمہ سوئی گیس کا موقف ہے کہ جن علاقوں میں گیس چوری اور لائن لاسسز زیادہ ہیں ان علاقوں میں گیس کی بندش کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر لائن لاسسز یا چوری ہو رہی ہے تو اسکا ذمہ دار محکمہ ہے جو اسے روکنے میں ناکام ہے اور اپنی نااہلی کی سزا ہزاروں صارفین کو دی جا رہی ہے جو کہ ناصرف عوام کو پریشان کرنے کا منصوبہ ہے بلکہ حکومت کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے تا کہ حکومت کے خلاف عوامی نفرت میں اضافہ ہو سکے شہریوں نے جی ایم سوئی گیس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔