محکمہ تعلیم میں درجہ چہارم ملازمین کی بھرتی،انٹر ویو پر امیدواروں کا غیر معمولی رش
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)محکمہ تعلیم میں درجہ چہارم ملازمین کی بھرتی،ضلع وہاڑی میں 63 آسامیوں پر 11 ہزار سے زائد امیدوار سامنے آ گئے،انٹرویو سنٹر پر امیدواروں کا غیر معمولی رش،”کورونا“ ایس او پیز کو ہوا میں اڑا دیا گیا،محکمہ تعلیم کی جانب سے ناقص انتظامات کی وجہ سے بد نظمی،تفصیلات کے مطابق حکومت کی ہدایت پر محکمہ تعلیم وہاڑی میں درجہ چہارم ملازمین کی بھرتیوں کیلئے تحصیل کی سطح پر امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل جاری ہے ضلع بھر میں کل 63 آسامیوں کیلئے 11 ہزار 900 امیدوار میدان میں آ گئے جن میں ایم اے اور بی اے پاس بے روزگار نوجوان بھی شامل ہیں ایم سی ماڈل ہائی سکول بورے والا میں قائم انٹرویو مرکز میں آج خواتین اور مرد امیدواروں کا غیر معمولی رش دیکھنے کو آیا محکمہ تعلیم کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے انتہائی ناقص انتظامات کئے گئے تھے گیٹ پر موجود اہلکار ٹمپریچر گن سے دو سے تین فٹ دور سے ٹمپریچر چیک کر کے کاروائی پوری کرتا رہا جبکہ امیدواروں کی ایک بڑی تعداد فیس ماسک پہنے بغیر ہی سنٹر میں داخل ہو گئی امیدواروں کے بیٹھنے یا پانی کا بھی کوئی مناسب انتظام نہ ہونے پر شدید بدنظمی دیکھنے کو ملی ہزاروں امیدوار دن بھر اپنی باری کا انتظار کرنے کیلئے زمین پر بیٹھے رہے واضح رہے 63 آسامیوں میں 20 فیصد کوٹہ ملازمین کے بچوں کیلئے،15 فیصد کوٹہ خواتین کیلئے اور 5 فیصد اقلیتوں کیلئے مختص ہے۔