ضلع وہاڑی میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں 16 ہزار سے زائد رضا کار رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔وقاص رشید
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن (ر) وقاص رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ”کورونا“ ریلیف ٹائیگر فورس کے ”رضا کاروں“ کے ذریعے ”کورونا وائرس“ کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کیلئے معاونت لی جائے گی تا کہ ”کورونا وائرس“ کی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ہو سکے اور لوگوں میں کورونا سے بچاﺅ کیلئے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جا سکے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں وزیر اعظم کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ممبران قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری،اوورنگزیب خان کچھی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احسان اللہ چوہان،اے ڈی سی جنرل خالد محمود گیلانی،پی ٹی آئی کے راہنما زاہد اقبال چوہدری،ضلعی صدر پی ٹی آئی امجد حمید چوہان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رشید احمد جنجوعہ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رانا زاہد اقبال اور دیگر افسران موجود تھے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے مزید کہا کہ ضلع وہاڑی میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں 16ہزار 787 ”رضا کار“ رجسٹرڈ ہوئے ہیں ان ”رضا کاروں“ سے ان کے اپنے ہی علاقوں میں کورونا ریلیف کے حوالے سے کام لیا جائے گا جس میں سب سے اہم مساجد میں حکومت کی طرف سے 20 نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے خدمات لی جائیں گی تا کہ مساجد آنے والے لوگوں کو کورونا سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے مساجد میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا اسی طرح دیگر عوامی مقامات پر بھی لوگوں کے درمیان سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کیلئے آگاہی پیدا کرنا ہے۔