ضلع بھر میں کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کے ذریعہ کھاد ڈیلرز کسانوں کو لوٹ رہے ہیں۔ملک ذوالفقار اعوان
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پاکستان کسان اتحاد کے ضلعی صدر ملک ذوالفقار اعوان نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کے ذریعہ کھاد ڈیلرز کسانوں کو لوٹ رہے ہیں،ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی فی بوری میں2سے 3سو روپے کا من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے جو کہ کسانوں کا معاشی قتل ہے جبکہ دوسری جانب حکومت کی طرف سے ڈیزل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے کسانوں پر مہنگائی کا بم گرا چکی ہے جو کہ کسان دشمنی کے مترادف ہے دیہی علاقوں میں بجلی کی بندش سے ٹیوب ویل بند ہونے سے گندم کی زیر کاشت فصل خشک سالی کا شکار ہو رہی ہے جس سے گندم کی پیداوار بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے کھاد ڈیلروں کی طرف سے کھاد کی بوری میں ناجائز منافع خوری اور خریداروں کو اسکی رسید نہ دینے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اضافہ غیر قانونی ہے کسانوں کے ساتھ ہونیوالی ان زیادتیوں کے خلاف15نومبر کو لڈن روڈ کچی پکی میں ہزاروں کسانوں کا اجتماع ہو گا جس میں مرکزی چیئرمین کسان اتحاد چوہدری محمد انور کے علاوہ صوبائی،ضلعی و مقامی عہدیداران بھی خطاب کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسان اتحاد کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ندیم سجاد جٹ،میاں محبوب خاں سلدیرا،محمد مہران،ملک امین نمبردار،چوہدری رشید،محمد ابصار،الیاس گل اور ریاض جملیرا کے علاوہ دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔