سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ و کم پریشر کی وجہ سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)شہر اور گردونواح کے علاقوں میں سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ و کم پریشر کی وجہ سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا،24 گھنٹوں میں صرف 8 گھنٹے گیس کی فراہمی،کئی کئی سالوں سے مقامی دفتر میں تعینات افسران و اہلکاران گیس چوری روکنے میں ناکام،لوڈشیڈنگ کر کے شہریوں کو اپنی نااہلی کی بھینٹ چڑھانے لگے،تفصیلات کے مطابق بورے والا شہر اور اسکے گردونواح میں گذشتہ ایک ماہ سے جاری سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ شہریوں کیلئے عذاب بن کر رہ گئی ہے 24 گھنٹوں میں صرف آٹھ گھنٹے گیس کی سپلائی دے کر باقی اوقات کار میں گیس کی فراہمی مکمل بند کردی جاتی ہے جس سے ناصرف روزہ دار بلکہ دیگر افراد بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں محکمہ سوئی گیس نے موقف اختیار کیا ہے کی جن علاقوں میں گیس کی چوری زیادہ ہوتی ہے اور بعض صارفین بل ادا نہیں کرتے وہاں لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے محکمہ کے اس موقف پر مقامی شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بورے والا سوئی گیس دفتر میں کئی کئی سالوں سے تعینات مقامی افراد گیس چوری میں ملوث ہیں اور انکی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ناصرف گیس چوری ہوتی ہے بلکہ کچھ بااثر لوگ بل ادا نہیں کرتے جسکی تمام تر ذمہ داری محکمہ پر عائد ہوتی ہے لیکن اسکی سزا باقاعدہ بل ادا کرنے والے ہزاروں صارفین کو دی جا رہی ہے اگر محکمہ سوئی گیس نے ذمہ دار ملازمین کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے دیگر شہروں کی طرح بورے والا کو سوئی گیس کی فراہمی کا یکساں شیڈول جاری نہ کیا تو شہر کی تمام نمائندہ تنظیمیں سوئی گیس دفتر کا گھیراﺅ کریں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے