سنگین جرائم میں اضافہ پر تمام سٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کے ساتھ ڈی ایس پی کی میٹنگ

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)شہر میں امن و امان کی بدتر صورتحال اور سنگین جرائم میں اضافہ پر شہر کے تمام سٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کے ساتھ ڈی ایس پی کی میٹنگ،شہریوں نے اجلاس میں امن و امان کی بدترین صورتحال بارے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا،ایک ہفتہ میں حالات بہتر نہ ہوئے تو شہری احتجاج کا رستہ اختیار کریں گے،سٹیک ہولڈر و سول سوسائٹی ارکان کا ردِ عمل،تفصیلات کے مطابق بورے والا شہر سمیت پورے سرکل میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال اور ڈکیتی و دوران ڈکیتی قتل و غارت گری پر شہریوں میں پائی جانے والی بے چینی کے دیکھتے ہوئے ڈی ایس پی بورے والا مہر وسیم سیال نے اپنے دفتر میں شہریوں کا ہنگامی اجلاس بلایا جس میں صدر بار ہمایوں شکیل چیمہ،سول سوسائٹی نیٹ ورک کے پیٹرن انچیف شیخ شہزاد مبین،صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری صغیر احمد رامے،ضلعی چیئرمین انجمن تاجران حاجی عاشق علی آرائیں،نائب صدر کاشف امین سلدیرا،جنرل سیکرٹری بورے والا شیخ عابد فاروق،نائب صدر عثمان جمیل بھٹی،صدر کریانہ ایسوسی ایشن راو نور محمد،جنرل سیکرٹری پی ایم اے ڈاکٹر محمد آصف،صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی چوہدری احتشام داؤد،نائب صدر رائس ملز ایسوسی ایشن عدیل مقصود،پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر عبدالسلام دانش،پریس کلب اور سٹی پریس کلب کے عہدیداران کے علاوہ مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز نے شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں اور امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرے اور جرائم پیشہ گروہوں کو گرفتار کرکے انکے انجام تک پہنچائے ڈی ایس پی وسیم احمد سیال نے کہا کہ پولیس اپنے وسائل میں رہتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لئے شہریوں کی معاونت سے بھر پور اقدامات اٹھائے گی سیف سٹی کیمروں کو جلد فعال کرنے،گشت کو موثر بنانے اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے ان کو جیلوں میں بند کرنے کی یقین دہانی کروائی شہریوں نے اس حوالہ سے پولیس کو امن و امان کی بحالی کے لئے ایک ہفتہ کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ میں اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو شہری احتجاج کا رستہ اختیار کریں گے۔