سادہ لوح افراد کو ”کورونا امدادی“ پیکیج کے جعلی فارم فروخت کرنے والے گروہ سرگرم

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)سادہ لوح افراد کو ”کورونا امدادی“ پیکیج کے جعلی فارم فروخت کرنے والے گروہ سرگرم،تھانہ صدر پولیس نے ایک گروہ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا،نوسر بازوں کا گروہ 100 سے 200 روپے کے عوض فارم فروخت کر کے غریبوں کے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑ رہے ہیں،ایک گروہ معززین علاقہ کے جمع ہونے پر فرار،تفصیلات کے مطابق بورے والا شہر اور اسکے دیہات میں گزشتہ کئی روز سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ نوسر بازوں کے مختلف منظم گروہ سادہ لوح،ضرورتمند غریب افراد کو کورونا امدادی پیکیج کے جعلی فارم 100 سے 200 روپے میں فروخت کر رہے ہیں اور انہیں امدادی راشن و رقوم دلوانے کا جھانسہ بھی دے رہے ہیں اس سلسلہ میں تھانہ صدر پولیس کو آج اطلاع ملی کہ نواحی گاﺅں 461 (ای بی) میں دلدار مختار مسیح نامی شخص جو کہ عطائی ڈاکٹر بھی ہے اپنے جعلی کلینک پر جعلی فارم فروخت کرنے کا دھندہ کر رہا ہے وہاں پر ضروتمند سادہ لوح افراد کا ایک ہجوم لگا ہوا تھا پولیس نے چھاپہ مار کر موقع سے دلدار مسیح کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ اسکا ایک ساتھی موقع سے فرار ہو گیا پولیس نے ملزم کے خلاف صرف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کر لیا دوسرے واقعہ میں نواحی آبادی مجاہد کالونی میں معززین علاقہ کو اطلاع ملی کہ نامعلوم افراد سادہ لوح افراد کو پاکستان عوامی فلاحی پارٹی کے نام سے پرنٹ شدہ جعلی امدادی پیکیج کے فارم 100 سے 200 روپے میں فروخت کر کے انہیں لوٹ رہے ہیں معززین کو آتا دیکھ کر نوسر بازوں کا یہ گروہ وہاں سے رفو چکر ہو گیا مقامی لوگوں نے ڈی سی وہاڑی اور ڈی پی او وہاڑی سے ایسے جعل ساز گروہوں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے