ریس لگاتی دو بسوں میں سے ایک بس نے رکشہ کو کچل ڈالا،تین افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)ریس لگاتی دو بسوں میں سے ایک بس نے رکشہ کو بری طرح کچل ڈالا،رکشہ میں سوار دو حقیقی بہنوں اور رکشہ ڈرائیور سمیت تین افراد جاں بحق،حادثہ میں دو بچوں سمیت 7 افراد زخمی،رکشہ میں سوار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے،رکشہ کو کچل کر ڈرائیور بس سمیت فرار،زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا،تفصیلات کے مطابق نواحی گاﺅں 501 (ای بی) ڈوگراں والا کے رہائشی ایک ہی خاندان کے 10 افراد رکشہ پر چیچہ وطنی سے بورے والا واپس آ رہے تھے کہ چیچہ وطنی روڈ 409 (ای بی) کے قریب پیچھے سے دو مسافر بسیں ریس لگاتی آ رہی تھیں ان میں سے ایک بے قابو بس نے رکشہ کو بری طرح روند ڈالا جسکے نتیجہ میں رکشہ میں سوار دو حقیقی بہنوں نسرین اور حفیظاں بی بی موقع پر ہی جبکہ رکشہ ڈرائیور سعید احمد ہسپتال جاتے ہوئے رستے میں دم توڑ گیا حادثے میں دو معصوم بچوں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہو گئے زخمیوں کو ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال بورے والا منتقل کر دیا زخمیوں میں دو کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے زخمیوں میں مقبول احمد ولد قاسم،4 سالہ احمد ولد مقبول،سونیا بی بی زوجہ مقبول وغیرہ شامل ہیں حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور بس سمیت موقع سے فرار ہو گیا عینی شاہدین کے مطابق رکشہ اپنی سائیڈ پر جا رہا تھا کہ ریس لگاتی بس نے پیچھے سے آ کر کچل دیا۔