رات 8 بجے دوکانیں اور 10 بجے شادی ہال بند کرنے کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں۔کاشف چوہدری

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت معاشی بحران سے گزر رہا ہے توانائی بچانے کیلئے حکومت نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لانے کی اشد ضرورت ہے،توانائی بچانے کے فیصلے پر اس وقت تک عملدرآمد نہیں ہو سکتا جب وفاقی حکومت اور صوبے ایک پیج پر نہ ہوں معاشی صورتحال کے باعث جلد دوکانیں اور شادی ہال بند کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے،ان خیالات کا اظہار انہوں پریس کلب بورے والا میں تاجر تنظیموں کے عہدیداروں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری محمد عاشق آرائیں،مرکزی تنظیم تاجران تحصیل وہاڑی کے صدر چوہدری طاہر شریف گجر،تحصیل صدر بورے والا چوہدری شوکت علی آرائیں،سابق صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی چوہدری ظہور ماجد آرائیں،شکیل مرتضیٰ چوہان اور دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کی موجودہ معاشی صورت حال کے پیش نظر اسمبلی کے اندر اور باہر کی تمام سیاسی جماعتوں،ایوان ہائے صنعت و تجارت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بٹھا کر حکمتِ عملی بنائے ملک میں پہلے ہی مہنگائی،بےروزگاری اور غربت کی وجہ سے تاجر اور کاروباری طبقہ پریشان ہے ملک میں ڈالر نہیں ہے بندرگاہ پر ہزاروں کنٹینر پڑے ہیں ان کو کلیئر کرانے کی سنجیدگی سے ضرورت ہے ماضی میں بھی ملک میں توانائی بچانے کیلئے ایسے اقدامات کیے گئے لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے سیاسی جماعتیں اپنے اقتدار سے بالاتر ہو کر ملکی معیشت کو صحیح سمت لے جانے کی کوشش کریں ورنہ قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔