دو چچا زاد بھائیوں کے قتل کے خلاف انکے ورثاء کا احتجاج،اعلی حکام سے انصاف کا مطالبہ

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)دو چچازاد بھائیوں کے قتل کے خلاف انکے ورثاء کا پوسٹ مارٹم کروائے بغیر نعشیں مین ملتان روڈ قومی شاہراہ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ،مظاہرین نے ٹائر جلا کر قومی شاہراہ مکمل بلاک کر دی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ ساہوکا کے نواحی گاؤں امیندہ لکھوکا کے رہائشی دو چچا زاد بھائیوں کو اسی گاؤں کے رہائشی نمبردار کے بیٹے سفیان لکھوکا نے اپنے بھائیوں اور باپ کی مدد سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اس واقعہ کے بعد مقتولین کے ورثاء نے پولیس کی ملزمان سے مبینہ ساز باز اور بااثر ملزمان کے خلاف نعشیں بغیر پوسٹ مارٹم کے ملتان روڈ قومی شاہراہ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے ٹائر جلا کر قومی شاہراہ دو مقامات سے مکمل بند کر دی جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں مظاہرہ رات گئے تک جاری رہا ورثاء نے الزام عائد کیا جس مقدمے کی تفتیش کیلئے ہم تھانے گئے تھے اسکے تفتیشی ظفر بلوچ  کے ایماء پر ملزمان نے پہلے وہاں تھانے میں ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر دونوں بھائیوں کو واپس جاتے ہوئے فائرنگ کر کے ناحق قتل کیا ہے پولیس ملزمان سے ساز باز ہے ہمیں وزیر اعلیٰ انصاف دلائیں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان موقع پر پہنچے تو مقتولین کے ورثاء انکے سامنے بھی پولیس کے خلاف پھٹ پڑے اور انہوں نے ایس ایچ او اور تفتیشی پر ملزمان سے ساز باز ہونے کا الزام عائد کیا ڈی پی او وہاڑی نے بتایا کہ دو ملزمان حراست میں لے لئے ہیں دیگر ملزمان بھی جلد گرفتار کر کے ورثاء کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا ڈی پی او نے تھانہ کے تفتیشی ظفر بلوچ کو فوری طور پر معطل کر دیا جسکے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے