دو نامعلوم ڈاکو یوٹیلٹی سٹور کے انچارج سے 30 ہزار سے زائد نقدی لوٹ کر فرار
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)یوٹیلٹی سٹور پر مسلح ڈکیتی کی واردات،دو نامعلوم ڈاکو سٹور انچارج سے دن دیہاڑے 30 ہزار سے زائد نقدی لوٹ کر فرار،یوٹیلٹی سٹورز ملازمین نے واردات کے خلاف احتجاجاََ یوٹیلٹی سٹورز بند کر دیئے،تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو سٹورز نہیں کھولیں گے،پریس کلب کے باہر ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ،تفصیلات کے مطابق آج دن دیہاڑے مجاہد کالونی بیرکی میں واقع یوٹیلٹی سٹور پر دو نامعلوم مسلح ڈاکو آئے اور گن پوائنٹ پر سٹور انچارج بلال اشرف سے 30 ہزار سے زائد نقدی چھین کر فرار ہو گئے اس واردات کے خلاف شہر اور دیہی علاقوں میں قائم یوٹیلٹی سٹورز ملازمین نے احتجاجاََ بند کر دیئے بعدازاں یوٹیلٹی سٹورز یونین نے ایریا انچارج ملک عامر رضا کی قیادت میں پولیس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم موجودہ ”کورونا“ کی سنگین صورتحال کے باوجود اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر ”کورونا وائرس“ ریلیف پیکیج عوام کو باقاعدگی سے فراہم کر رہے ہیں لیکن ہمیں سٹورز پر کوئی تحفظ نہیں اگر حکومت نے ہمیں تحفظ یقینی نہ بنایا تو ہمارے لیے ان حالات میں سٹور کھولنا ناممکن ہے۔