دو ماہ کا وقت دیں پولیس عوام کو انکی توقعات سے بڑھ کر نتائج دے گی۔ڈی پی او محمد عیسی

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے متعلق وکلاء برادری سمیت شہر کے تمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس زیر صدارت صدر بار ہمایوں شکیل چیمہ بار روم میں منعقد ہوا مہمان خصوصی ڈی پی او وہاڑی محمد عیسی سکھیرا تھے جس میں مقامی سٹیک ہولڈرز نے گزشتہ کئی ماہ سے شہر میں امن و امان کی بدتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر بار ہمایوں شکیل چیمہ،سیکرٹری بار میڈم راحیلہ منور،سابق صدور بار سردار ساجد ڈوگر،محمد جاوید شاہین،میاں افتخار احمد صابر،صدر مرکزی انجمن تاجران محمد صغیر رامے،کنوینئر سول سوسائٹی نیٹ ورک عبدالروف چوہدری،صدر پریس کلب چوہدری اصغر علی جاوید،جنرل سیکرٹری انجمن آڑھتیاں عمیر ظہور ماجد ،پاکستان کسان اتحاد کے تحصیل صدر اجمل اعجاز چھٹہ اور صدر گلوبل یوتھ آرگنائزیشن ضعیم الرشید نے کہا کہ بورے والا میں ڈکیتی،چوری اور دیگر جرائم میں بے پناہ اضافہ کو روکنے میں ابھی تک پولیس ناکام رہی ہے شہر میں نام نہاد طلباء تنظیموں کے مسلح جتھوں نے شہر کو اسلحہ کی منڈی میں تبدیل کیا ہوا ہے جو جرائم میں اضافہ کی سب سے بڑی وجہ ہے جرائم پر قابو پانے کیلئے ان مسلح جتھوں کے خلاف کریک ڈاون کر کے اسلحہ سے پاک کیا جائے،سول سوسائٹی کی طرف سے لگائے گئے سیف سٹی کیمروں کو فنکشنل کیا جائے تا کہ جرائم پیشہ عناصر تک پہنچنے میں مدد مل سکے،تھانوں میں ایماندار ایس ایچ اوز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او وہاڑی محمد عیسی سکھیرا کا کہنا تھا کہ جرائم کی شرح میں اضافہ کو ہم تسلیم کرتے ہیں جرائم پر قابو پانے کیلئے محدود وسائل کے باوجود امن و امان کی بحالی اور عوام کو انصاف کی فراہمی میں کسر نہیں چھوڑیں گے صرف دو ماہ کا وقت دیں عوام کو انکی توقعات سے بڑھ کر پولیس نتائج برآمد فراہم کرے گی میرا براہ راست عوام سے رابطہ رہے گا اگر خطرناک جرائم پیشہ عناصر کی وکلاء پیروی نہ کریں تو اسے اس کے انجام تک پہنچانے میں مدد ملے گی سوسائٹی کو چاہیئے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی نہ کرے معاشرہ تب تک جرائم سے پاک نہیں ہو سکتا جب تک معاشرے کا ہر فرد اپنی ذمہ داری ادا نہیں کرتا میرا آپ سے وعدہ ہے کہ کوئی بھی مقدمہ جھوٹا ہونے پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج ہو گا ہم سول سوسائٹی اور تمام سٹیک ہولڈرز سے ملکر جرائم پر قابو پانے کیلئے اپنے وسائل بروئے کار لائیں گے۔
