حکومت نے دینی مدارس کھولنے کی اجازت نہ دی تو ہم خود مدارس کھول دینگے۔علماء کرام
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)وفاق المدارس العربیہ ضلع وہاڑی کے قائدین مولانا مفتی محمد زبیر،مولانا ظفر احمد قاسم،مولانا قاری محمد طیب حنفی،مولانا قاری محمد یٰسین،مولانا محمد اسلم قاسمی اور قاری عبدالرزاق نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیم کی بندش ناقابل فہم ہے ہر صورت قرآن و سنت کی تعلیم کا اجراء ضروری ہے،دینی مدارس خیر کے مراکز ہیں جہاں دن رات تلاوت قرآن کریم ہوتی ہے تلاوت کی برکت سے مصائب دور ہوتے ہیں،حکومت نے تین ماہ سے مدارس بند کر کے لوگوں پر تعلیم کے دروازے بند کر رکھے ہیں،دینی مدارس میں گذشتہ سال کے امتحانات ہونا ابھی باقی ہیں،عیدالفطر کے بعد نئے داخلوں کا آغاز ہوتا ہے لیکن تاخیر کی وجہ سے تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے جسے مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفاق المدارس کے ضلعی قائدین نے کہا کہ اگر حکومت نے دینی مدارس کھولنے کی اجازت نہ دی تو وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مرکزی قیادت کی اجازت سے ہم خود مدارس کھول دیں گے علوم نبوت کی حفاظت کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں حکومت نے لاک ڈاﺅن کے دوران دینی طبقہ کو نظرانداز کیا جبکہ اہل مدارس نے ہر دور میں ریاست پاکستان سے بھرپور تعاون کیا ہے۔