تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے لڑکی کے ذریعے نوجوانوں کو بلیک میل کرنے والا گروہ گرفتار کر لیا
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)تھانہ ماڈل ٹاﺅن پولیس کی کاروائی،لڑکی کے ذریعے نوجوانوں کو جال میں پھنسا کر بلیک میل کرنے والا منظم گروہ گرفتار،گروہ کے ارکان نے لڑکی سے کال کروا کے نجی موبائل کمپنی کے ملازم کو ڈیرہ پر بلوایا اور اس سے نقدی و موبائل فون چھین کر گن پوائنٹ پر برہنہ ویڈیو بنائی اور حبس بے جا میں رکھ کر تشدد بھی کیا،بعدازاں ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دیکر بلیک میل کرتے رہے،نوجوان کی نشاندہی پر لڑکی سمیت گروہ کے چار ارکان کو گرفتار کر لیا گیا،دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری،تفصیلات کے مطابق ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان کی ہدایت پر ڈی ایس پی شمس الدین کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاﺅن مہر پرویز اختر اور اے ایس آئی میاں تنویر احمد کی قیادت میں پولیس نے نوجوان لڑکوں کو لڑکی کے جال میں پھنسا کر ڈیرہ پر بلوانے کے بعد ان سے لوٹ مار کرنے کے علاوہ اسکی برہنہ ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والی لڑکی سمیت منظم گروہ کے چار ارکان عابد مغل،محمد اسد،اقصاء بی بی اور عابد مسیح کو بھاری اسلحہ سمیت گرفتار کر کے مقامی نجی موبائل کمپنی کے ملازم محمد عمیر ممتاز سکنہ 295 (ای بی) کی درخواست پر گروہ کے دیگر تین ساتھیوں سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا درخواست گزار نے بتایا کہ مذکورہ لڑکی نے فون کال کے ذریعے اسے اپنے جال میں پھنسا کر اپنے ڈیرہ پر بلوایا تو وہاں اسکے دیگر ساتھی بھی موجود تھے جنہوں نے اسلحہ کے زور پر اسکے کپڑے اتروائے اور اسکی جیب سے 50 ہزار نقدی،دو قیمتی موبائل فون چھین لئے جسکے بعد وہ گن پوائنٹ پر اسے تین گھنٹے حبس بے جا میں رکھ کر اسکی ویڈیو بناتے رہے بعدازاں وہ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دیکر اسے بلیک میل بھی کرتے رہے ایس ایچ او مہر پرویز اختر کے مطابق یہ گروہ کئی نوجوانوں کو اسی طرح جال میں پھنسا کر بلیک میلنگ کا مکروہ دھندہ کرتا آ رہا تھا گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔