بیوی بچوں پر ظلم کرنے والا جنونی ملزم پولیس سے گن چھیننے کی کوشش میں ہلاک

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)بیوی بچوں کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے والا آئس کے نشہ کا عادی جنونی ملزم قاضی احمد پولیس کی حراست میں مبینہ طور گن چھیننے کی کوشش میں دوران کشمکش گولی چل جانے سے مارا گیا،ملزم کو چار روز قبل پولیس نے 12 گھنٹے کے آپریشن کے بعد گرفتار کیا تھا،تفصیلات کے مطابق چار روز قبل آئس نشہ کے عادی ایم بلاک کے رہائشی جنونی ملزم قاضی احمد جو کہ تین ماہ تک اپنی بیوی بچوں کو جادو ٹونہ کرنے کے شبہ میں گھر کے اندر ہی قید کر کے ان پر انسانیت سوز ظلم کرتا رہا جس کی اطلاع پر ڈی پی او وہاڑی عیسی خاں سکھیرا اور ڈی ایس پی عمر فاروق کی زیر قیادت پولیس نے 12 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد ملزم سے اس کے بیوی بچوں کو بازیاب کراتے ہوئے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا تھا پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو آج خنجر اور پسٹل کی ریکوری کے بعد واپس لایا جا رہا تھا کہ اس نے کانسٹیبل سے گن چھیننے کی کوشش کی اسی کشمکش میں گولی چل جانے سے ملزم شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن وہ دم توڑ گیا نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے کاروائی شروع کر دی گئی یاد رہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم کا والد جو شریک جرم رہا وہ بھی پولیس کی حراست میں ہے اس واقعہ کا وزیر اعلی پنجاب نے بھی سخت نوٹس لیا تھا جبکہ بچی کی آنکھوں اور اسکی والدہ کا لاہور میں سرکاری سطح پر علاج بھی جاری ہے۔