بورے والا ہر لحاظ سے ضلع کا درجہ رکھنے کی خصوصیات کا حامل شہر ہے۔اراکین اسمبلی
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری فقیر احمد آرائیں،ممبران پنجاب اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر اور چوہدری یوسف کسیلیہ نے کہا ہے کہ بورے والا کو ضلع بنانا اب ناگزیر ہو چکا ہے بورے والا ہر لحاظ سے ضلع کا درجہ رکھنے کی خصوصیات کا حامل شہر ہے اس تحصیل کے 12 لاکھ سے زائد عوام کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے حکومت اسے نئے اضلاع کی فہرست میں شامل کر کے انصاف کے تقاضے پورے کرے یہ مسئلہ خالصتاََ غیر سیاسی ہے جس میں بورے والا کے تمام سٹیک ہولڈرز اب ضلع بناﺅ کے مطالبے پر ہم آواز ہیں یہ شہر ناصرف کاروباری اور صنعتی لحاظ سے پنجاب میں ایک اہم مقام کا حامل ہے بلکہ تعلیم،سپورٹس اور دیگر شعبوں میں بھی غیر معمولی خصوصیات رکھتا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ بورے والا کو ضلع بنانے کے حوالہ سے اسمبلی فلور سے لیکر ہر فورم پر ایک موثر آواز بلند کی جائے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے فلور پر اس مطالبے کو اجاگر کرنا ہمارا حق ہے اور انشاء اللہ حکومت بھی اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے اسے عوامی مفاد کی خاطر منظور کرے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی و صوبائی اسمبلی میں اپنے مطالبہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔